ڈبلن(سپورٹس لنک رپورٹ)نیوزی لینڈ کی ویمن ٹیم کی اوپننگ بلے باز آمیلیا کر نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں انفرادی طور پر بڑی اننگز کھیل کر نئی تاریخ رقم کر دی، وہ ڈبل سنچری بنانے والی نیوزی لینڈ کی پہلی اور دنیا کی دوسری کرکٹر بن گئیں۔گزشتہ روز آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گئے تیسرے ایک روزہ میچ میں انہوں نے انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور حریف باؤلرز کی خوب درگت بناتے ہوئے ڈبل سنچری اسکور کی۔17 سالہ آمیلیا کر نے 232 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر انفرادی طور پر بڑی اننگز کھیلنے کا آسٹریلین کرکٹر بلینڈا کلارک کا 21 سالہ پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔کلارک نے 1997 میں ڈنمارک کے خلاف کھیلے گئے ایک روزہ میچ میں 229 رنز کی اننگز کھیل کر عالمی ریکارڈ پر قبضہ جمایا تھا۔آمیلیا نے 145 گیندوں پر 2 چھکوں اور 31 چوکوں کی مدد سے 232 رنز کی اننگز کھیلی اور ناقابل شکست رہیں۔