لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی کامیاب دورہ انگلینڈ و آئرلینڈ کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ سے میچز کھیل کر قومی ٹیم کے 5 کھلاڑی غیر ملکی پرواز ای کے 624 کے ذریعے براستہ دبئی لاہور پہنچے جن میں حسن علی، فہیم اشرف، احمد شہزاد، راحت علی اور آصف علی شامل ہیں۔ قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے جہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کا جیتنا بڑی کامیابی ہے، اکثریت کا خیال تھا کہ ٹیم ہار کر آئے گی تاہم پاکستان ٹیم جیت کے ٹریک پر ہے۔سرفراز احمد نے کہا کہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم دنیا کی نمبر ون ٹیم ہے اور چیمپئنز ٹرافی ماضی کا حصہ ہے اب ہمیں آگے کی طرف بڑھنا ہوگا۔یاد رہے کہ قومی ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کھیلے جس میں ایک میں کامیابی اور ایک میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور اس طرح سیریز برابر رہی۔آئرلینڈ کے خلاف کھیلا جانے والا واحد ٹیسٹ بھی گرین کیپس کے نام رہا جب کہ قومی ٹیم نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گئے دونوں ٹی ٹوئنٹی میچز اپنے نام کیے۔ دورہ برطانیہ قومی ٹیم کے کپتان کے لیے خصوصی کامیابیاں لے کر آیا، سرفراز احمد کو لارڈز میں ٹیسٹ جیتنے والے پانچویں پاکستانی کپتان کا اعزاز حاصل ہوا اور مسلسل 8 ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت کر سرفراز احمد کو کامیاب ترین کپتان ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہوگیا۔