لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے عالمی شہرت یافتہ پاکستانی نثزاد باکسر عامر خان کی جانب سے پاکستان باکسنگ لیگ کے لئے کی گئی اجازت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں اجازت نامہ دینے سے انکار کر دیا ہے۔ عامر خان کو باکسنگ لیگ کے لئے اجازت نہ دینے کا فیصلہ گزشتہ روز ہونے والے پاکستان باکسنگ فیڈریشن کی ایگزیکیٹو کمیٹی میں کیا گیا ہے۔ اجلاس میں باکسر عامر خان کی جانب سے کی جانے والی درخواست پرانٹر نیشنل بکسنگ فیڈریشن اور پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے آئین کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا پی بی ایف عامر خان کو اس ایونٹ کی اجازت نہیں دے سکتا کیونکہ لیگز اور پروفیشنل باکسنگ ایونٹس آئبا کے آئین کے آرٹیکل 34کی کلاز1کے منافی ہیں۔
اجلاس کے بعد سیکر ٹری پی بی ایف کرنل (ر) ناصر ٹونگ کے مطابق بنیادی طور پر باکسنگ لیگز اور پروفیشنل مقابلے ہماری ڈومین میں نہیں آتے یہی وجہ ہے کہ ہم نے اپنے اور آئبا کے آئین کو دیکھنے کے بعد خصوصی اجلاس بلا کر متفقہ فیصلہ لیا،تاکہ اس حوالے سے فیصلہ لینے سے پہلے ہم ہر معاملہ پر بحث کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ عامر خان کی جانب سے ہمیں ایک درخواست کے ذریعہ این او سی مانگا گیا تھا۔ ایک اور سوال کے جواب میں ناصر ٹونگ نے بتایا کہ آئبا اور پی بی ایف کے رولز کے تحت پی بی ایف سے ملحقہ کسی بھی یونٹ کا کوئی بھی ایمچور باکسر اس لیگ یا اس طرح کی کسی بھی لیگ یا پرو فیشنل مقابلے میں حصہ نہیں لے سکتا۔ اور جو کوئی اس میں حصہ لے گا وہ دوبارہ ایمچور باکسنگ کے کسی مقابلے میں دوبارہ حصہ نہیں لے سکے گا۔ یہی آئبا اور پی بی ایف رولز کہتے ہیں اوربہی اب ہماری ایگزیکیٹو کمیٹی کا فیصلہ ہے۔