لندن (اشفاق چوہدری) کرکٹ ورلڈ کپ دو ہزار انیس میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹاکرے کیلئے شائقین کرکٹ نے ابھی سے ٹکٹوں پر دھاوا بول دیا ہے۔آئندہ برس شیڈول میگا ایونٹ کے ٹکٹوں کی فروخت کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور منتظمین کا کہنا ہے کہ چودہ جولائی کو لارڈز میں ہونے والے فیصلہ کن معرکے کیلئے شائقین میں اتنی دلچسپی نظر نہیں آ رہی جتنی پاک بھارت مقابلے کیلئے ہے۔اطلاعات کے مطابق پاک بھارت پنجہ ازمائی کیلئے اتنی درخواستیں موصول ہوئی ہیں کہ ویمبلے اسٹیڈیم دو مرتبہ بھر جائے گا لہٰذا منتظمین نے بیلٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ورلڈ کپ کے میچوں کیلئے شائقین نے مجموعی طور پردس لاکھ ٹکٹوں کیلئے درخواستیں دی ہیں جس کے پیش نظر میگا ایونٹ کے اڑتالیس میں سے بیالیس میچز کیلئے بیلٹنگ کی جائے گی۔ کرکٹ ورلڈ کپ کے منیجنگ ڈائریکٹراسٹیو ایلوردی کا کہنا ہے کہ انہیں جو شاندار رسپانس ٹکٹوں کی فروخت کے حوالے سے ملا ہے وہ انگلینڈ اور ویلز کی حد تک نہیں بلکہ دنیا بھر سے ہے اور اسے دیکھ کر اطمینان ہوا کہ عالمی کپ کو گورننگ باڈی کا سب سے شاندار مقابلہ بنانے کا مقصد پورا ہو جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ آئندہ ہفتے کرکٹ فیملی بیلٹ کے بعد شائقین جان سکیں گے کہ انہیں کتنی کامیابی ملی تاہم انہیں یکم اگست کو ایک اور پبلک بیلٹنگ کے بعد ٹکٹ حاصل کرنے کا موقع مل جائے گا۔واضح رہے کہ میگا ایونٹ کے دوران بچوں کیلئے چھ پاؤنڈز جبکہ گروپ مقابلوں کیلئے چار افراد پر مشتمل فیملی کو چوالیس پاؤنڈز میں ٹکٹ دستیاب ہوں گے اور جو ٹکٹ بچ جائیں گے انہیں دو ہزار اٹھارہ میں ‘‘پہلے آئیں اور پہلے پائیں’’کی بنیاد پر فروخت کیا جائے گا۔