برمنگھم کلاسک،،پیٹرا کویٹووا فائنل میں پہنچ گئیں

برمنگھم(سپورٹس لنک رپورٹ)برمنگھم کلاسک ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں پیٹرا کویٹووا اور میگڈلینا ریبریکووا کا ٹکراؤ ہوگا،باربورا اسٹرائیکووا اور میہائیلا بوزرنیسکو کو سیمی فائنل میں شکست ہو گئی،راجر فیڈرر گیری ویبر اوپن کے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گئے،نوواک جوکووچ کوئنزکلب چیمپئن شپ کی ٹرافی سے ایک قدم دور ہیں،مالورکا اوپن کراؤن کیلئے ٹاٹیانا ماریا اوراناستاسیا سیواسٹووا مقابل ہوں گی۔ برطانیہ میں جاری برمنگھم کلاسک ٹینس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل مرحلے میں نمبر چار سیڈ جمہوریہ چیک کی پیٹرا کویٹووا نے رومانیہ کی میہائیلا بوزرنیسکو کیخلاف چھ،تین اور چھ،دو سے کامیابی حاصل کرکے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا جہاں ان کا سامنا سلواکین حریف میگڈلینا ریبریکووا سے ہوگا جنہوں نے جمہوریہ چیک کی باربورا اسٹرائیکووا کو سات ،چھ اور چھ،چار سے ٹھکانے لگا دیا تھا۔جرمنی کے شہر ہالے میں جاری گیری ویبر ٹینس ٹورنامنٹ کے لاسٹ فور مرحلے میں ٹاپ سیڈ سوئس کھلاڑی راجر فیڈرر نے امریکی حریف ڈینس کڈلا کو سات،چھ اور سات،پانچ سے مات دے کر فیصلہ کن معرکے میں قدم رکھ دیا۔ٹرافی کیلئے ان کا مقابلہ کروشیا کے بورنا کورچ سے ہوگا جنہوں نے نمبر چار سیڈ اسپینش حریف کیخلاف دو،تین کے اسکور پر اس وقت فائنل میں قدم رکھ دیا جب رابرٹو بوٹسٹا اگٹ انجری کے سبب کھیل سے دستبردار ہو گئے۔سربیا کے کھلاڑی نوواک جوکووچ برطانیہ میں جاری کوئنز کلب چیمپئن شپ کی ٹرافی سے ایک قدم دور ہیں جنہوں نے سیمی فائنل میں فرانس کے جرمی چارڈی کو سات،چھ اور چھ،چار سے زیر کر کے فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ فیصلہ کن معرکے میں انہیں ٹاپ سیڈ کروشین حریف مرین سلچ کا مقابلہ کرنا ہے جنہوں نے آسٹریلیا کے نک کیرگیوس کو سات،چھ کے یکساں اسکور سے ٹھکانے لگا دیا تھا۔ادھر اسپین میں جاری مالورکا اوپن میں جرمنی کی ٹاٹیانا ماریا نے امریکی حریف صوفیہ کینن کو چھ،دو،دو،چھ اور چھ،چار سے شکست کے گڑھے میں دھکیل کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا جہاں ان کا سامنا نمبر تین سیڈ لیٹویا کی اناستاسیا سیواسٹووا سے ہوگا جنہوں نے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کی سمانتھا اسٹوسر کو سات،چھ اور چھ،ایک کی شکست سے دوچار کردیا۔

تعارف: newseditor