عالمی کپ فٹبال،،آج مزید تین میچ کھیلے جائینگے

ماسکو(سپورٹس لنک رپورٹ) فیفا فٹبال ورلڈ کپ میں آج مزید تین میچز کھیلے جائیں گے۔فیفا ورلڈ کپ کے لیے گروپ ‘جی’ میں شامل انگلینڈ کا مقابلہ پاناما سے ہوگا اور دونوں ٹیموں کے درمیان آج کا میچ اہمیت کا حامل ہے۔ایونٹ میں اب تک انگلینڈ اور پاناما کی ٹیمیں ایک ایک میچ کھیل چکی ہیں جس میں انگلینڈ کامیاب اور پاناما ناکام رہی۔پوائنٹس ٹیبل پر گروپ جی میں بیلجئم کی ٹیم اپنے دونوں میچز میں کامیابی کے بعد 6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ انگلش ٹیم کو تین پوائنٹس حاصل ہیں اور وہ دوسرے نمبر پر ہے۔گروپ جی کی تیسری ٹیم پاناما ہے جس نے اب تک ایک میچ کھیلا جس میں اسے ناکامی ہوئی اور وہ تیسرے نمبر پر ہے جب کہ تیونس کو اپنے دونوں میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔گروپ ‘ایچ’ کی چاروں ٹیمیں آج مدمقابل ہوں گی، دوسرے میچ میں جاپان کا مقابلہ سینیگال جب کہ پولینڈ اور کولمبیا کی ٹیمیں تیسرے میچ میں ٹکرائیں گی۔گزشتہ روز بھی تین میچز کھیلے گئے جس میں جرمنی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سوئیڈن کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دی جب کہ بیلجیئم نے تیونس کو 2 کے مقابلے میں 5 گول سے ہرایا۔تیسرے میچ کے دوران میکسیکو نے جنوبی کوریا کو دلچسپ مقابلے کے بعد ایک کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے کر میچ اپنے نام کیا۔

تعارف: newseditor