ماسکو(سپورٹس لنک رپورٹ)مشتہرین کی ثابت قدمی کے باعث خراب کھیل کے باوجود لائنل میسی کی مارکیٹ ویلیو برقرار ہے اور تجارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ ارجنٹائن کے پلیئرکا کوئی برانڈ متاثر نہیں ہوگا کیونکہ ان کا ٹریک ریکارڈ ورلڈ کپ سے ہٹ کر کافی متاثر کن ہے۔ ارجنٹائن کی ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی کے نتیجے میں ممکن ہے کہ لائنل میسی کو قبل از وقت گھر واپس جانا پڑے لیکن روس سمیت ساری دنیا میں ان کے درجنوں مارکیٹنگ برانڈز کے متاثر ہونے کا کوئی امکان نہیں کیونکہ لندن میں موجود انٹرنیشنل مارکیٹنگ پارٹنرز کے چیف ایگزیکٹو ایلیسن اسٹیوارٹ ایلن نے یقین دلایا ہے کہ میسی کا کوئی بھی برانڈ ان کی حالیہ خراب کارکردگی سے قطعی متاثر نہیں ہوگا کیونکہ ورلڈ کپ سے ہٹ کر دیکھا جائے تو ان کا ٹریک ریکارڈ مثالی ہے۔اسپورٹس اینڈ پارٹنرشپ مارکیٹنگ کے گلوبل ہیڈ اینڈی سودرڈین نے یقین ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ لائنل میسی کھیل کو تبدیل کردینے والی ایک بہترین کارکردگی کے فاصلے پر ہیں جو ایک مرتبہ پھر یہ بات ثابت کردے گی کہ انہیں اس روئے زمین پر بطور برانڈ ایمبیسڈر ہاتھوں ہاتھ کیوں لیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی کپ محض ایک وقتی سی چیز ہے اور ان کے گول کرنے سے کوئی بھی فرق نہیں پڑتا ہے۔ سوئٹزرلینڈ میں فٹ بال کا مشاہدہ کرنے والے ادارے کے سربراہ رفائیل پولی کا موقف ہے کہ کسی بھی کھیل کے مستحکم کھلاڑیوں کی مالی ساکھ کا اندازہ بالکل مختلف انداز سے لگایا جاتا ہے اور اس میں اس وقت کوئی تبدیلی رونما نہیں ہوتی جب ان کی جانب سے کوئی گول کیا جاتا ہے۔ انہوں نے لائنل میسی کی ویلیو 184 ملین یوروز لگاتے ہوئے کہا کہ اس قدر و قیمت میں اچانک ہی کوئی تبدیلی نہیں آتی کیونکہ آئندہ دنوں میسی کسی میچ میں ہیٹ ٹرک کرنے میں کامیاب رہیں جبکہ پرتگالی کھلاڑی کرسچیانو رونالڈو پنالٹی ضائع کردیں تو تب بھی مارکیٹ کی اپنی ایک منطق ہوگی جس کا عام لوگوں سے کوئی واسطہ نہیں۔