لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ زمبابوے کے دورے میں کوئی فیلڈنگ کوچ نہیں جائے گا۔دورہ مختصر ہونے کی وجہ سے موجودہ کوچز سے ہی کام چلایا جائے گا جبکہ نئے کوچ کا تقرر طویل المیعاد بنیادوں پر کیا جائے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ اور ون ڈے سیریز میں فیلڈنگ کوچ کی اضافی ذمہ داری گرانٹ لوڈن کو سونپنے پر غور کررہا ہے۔گرانٹ لوڈن اس سے قبل بھی فیلڈنگ کوچ رہ چکے ہیں اور اس وقت ٹرینر کی حیثیت سے کام کررہے ہیں۔برطانیہ کے دورے کے بعد اسٹیو رکسن نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا اب آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ڈیرن بیری ستمبر میں فیلڈنگ کوچ کی ذمے داریاں سنبھالیں گے۔ان کے ساتھ بورڈ کے حکام معاہدے کی تفصیلات طے کررہے ہیں۔ مکی آرتھر کی سفارش کے بعد مدثر نذر، ہارون رشید اور انضمام الحق پر مشتمل کمیٹی فیلڈنگ کوچ کی منظوری دے گی۔ڈیرن بیری معاہدہ طے پا جانے پر دو سالہ کنٹریکٹ کے تحت ایشیا کپ سے قبل قومی ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔ وہ پی ایس ایل تھری میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے اسسٹنٹ کوچ کے طور پر کام کر چکے ہیں۔پاکستان ٹیم کی فیلڈنگ کو بہتر بنانے کیلئے کچھ عرصے سے غیرملکی کوچز کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں اور قومی ٹیم کی فیلڈنگ میں نمایاں بہتری بھی دیکھنے میں آئی ہے۔پاکستان کے آخری مقامی فیلڈنگ کوچ اعجاز احمد تھے۔ لیڈز میں مکی آرتھر نے تصدیق کی تھی کہ ڈیرن بیری پاکستانی ٹیم کے اگلے فیلڈنگ کوچ ہوں گے۔