عالمی کپ فٹبال: روس کو یوروگوئے سے شکست، سعودی عرب کامیاب

ماسکو(سپورٹس لنک رپورٹ)عالمی کپ فٹ بال 2018 میں آج 2 میچز کھیلے گئے جہاں میزبان روس کو یوروگوئے کے ہاتھوں صفر کے مقابلے میں 3گول سے شکست ہوئی جبکہ سعودیہ عرب نے مصر کو ایک کے مقابلہ میں 2 گول سے ہرا دیا ہے۔

روس میں جاری ورلڈ کپ فٹ بال 2018میں آج گروپ اے میں اگلے رائونڈ کے لیے کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کا فیصلہ ہوگیا، پہلے میچ میں یوروگوئے نے روس کے خلاف صفر کے مقابلے میں 3 گول سے فتح سمیٹی جبکہ سعودیہ عرب اور مصر کے میچ میں سعودیہ 1-2 سے فتحیاب رہا ۔

ایونٹ میں آج گروپ اے کی ٹاپ ٹیموں میں یوروگوئے ، روس کو شکست دینے کے بعد پہلی پوزیشن پر آگئی جبکہ روس دوسرے نمبر پر تاہم سعودی عرب اور مصر کی ٹیمیں ایونٹ سے باہر ہوگئیں ہیں۔

یوروگوئے اور روس کے مابین ہونے والے میچ میں یوروگوئے کے لوئس سواریز نے فری کک پر پہلا گول اسکور کیا اور میزبان روس کے خلاف 0-1 کی برتری حاصل کی۔

حریف ٹیم کے ہاتھوں گول کھا کر تو روسی بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے اور 23ویں منٹ میں ہی روس کے ڈینس چیریشیو نے اپنے ہی گول میں اسکور کرکے حریف ٹیم کی برتری کو 0-2 کردیا۔

میچ میں روسی کھلاڑیوںکی صورتحال مزید خراب ہوتی گئی ، ہاف ٹائم تک میزبان روس کو ریفری سے جانب سےوارننگ پر 2پیلے کارڈاور ایک لال کارڈ دکھائےگئے۔

ان میں پہلا کارڈ یوری گزنسکی کو 9 ویں منٹ میں پھر ایگور اسمولنیکوو کو 28 ویں منٹ میں اور پھرانہی کو 36ویں منٹ میں لال کارڈ دکھا کر گرائونڈ سے باہر کردیا گیا تاہم ایک پیلا کارڈ 59ویں منٹ میں یوروگوئے کے روڈریگو بین ٹینٹرکو بھی ملا۔

یوروگوئے نے میچ میں اپنے جارحانہ کھیل کو جاری رکھا اور اپنی 0-2 کی برتری کو 90ویں منٹ میں 0-3 تک پہنچادیا جہاں ایڈنسن کیونی نے میچ کے آخری لمحات میں گول اسکور کیا ۔

دوسری جانب سعودی عرب اور مصر کے میچ میں پہلا گول مصر کے محمد صلاح نے 22ویں منٹ میں حریف سعودی ٹیم کے خلاف پہلا گول اسکور کیا تاہم پہلا ہاف ختم ہونے کے عین وقت پر سعودی عرب کے سلمان الفراج نے گول کرکے اسکور 1-1 سے برابر کردیا ۔

سعودی عرب کے ہاتھ 41ویں منٹ میں ایک موقع پینالٹی کا آیا لیکن کھلاڑی فہد الموالدنے ہاتھ آیا موقع گنوا دیا اور پھر 50ویں منٹ میں مصری علی جابر کو رریفری کی جانب سے پیلا کارڈ دکھا کر وارننگ دی گئی تاہم میچ کے 86 ویں منٹ میں مصر کے احمد فاتحے کو بھی پیلا کارڈ دیا گیا تھا۔

سعودی عرب کی جانب سے دوسرا گول میچ کے بلکل آخر میں ہوا جب سعودی سیلم الدوساری نے گول اسکور کرنے 1-1 کی برابری کو 1-2 کی برتری میں تبدیل کردیا اور میچ سمیت عالمی کپ 2018 میں پہلی اور آخری فتح اپنے نام کی۔

تعارف: newseditor