ماسکو (سپورٹس لنک رپورٹ) روسی گول کیپر ایگر آکن فیو کی شاندار کارکردگی کے باعث روسی ٹیم نے تجربہ کار اور سابق عالمی چیمپئن اسپین کو انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد پینلٹی ککس پر 4-3 سے شکست دیکر ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کے کوارٹرفائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ گول کیپر ایگر نے میچ کے مقررہ وقت اور اضافی وقت میں کئی یقینی گول بچا کر اپنی ٹیم کو1970 کے بعد پہلی بار ٹاپ ایٹ میں پہنچادیا۔ انہیں میچ کا ہیرو قرار دیا گیا۔ شاندار فتح کے بعد خوب جشن منایا گیا، کھلاڑیوں نے انہیں کاندھوں پر اٹھالیا، جشن منانے میں روسی شہری بھی پیچھے نہ رہے، فٹبال دیوانے سڑکوں پر نکل آئے، گاڑیوں کے ہارن بجاتے رہے۔ دوسری جانب قسمت کی دیوی بھی شاید اسپین کے کھلاڑیوں سے ناراض تھی اور کئی یقینی گول بھی نہ ہوسکے۔ روسی کھلاڑیوں نے ہوم گرائونڈ اور کرائوڈ کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور اسپین کو مکمل دبائو میں رکھا۔ میزبان ملک ہونے کی حیثیت سے اعزازی طور پر ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کھیلنے والے روسی کھلاڑیوں نے پہلے سابق عالمی چیمپئن کے مقررہ وقت اور اس کے بعد ملنے والے اضافی ٹائم میں مقابلہ ایک ایک گول سے نہ صرف برابر رکھا بلکہ پینلٹی ککس پر بھی مہمان ٹیم کو اتنا شدید دبائو کا شکار کیا اس کے دو ٹاپ کھلاڑی پینلٹی ککس پر بھی گول نہ کرسکے۔ ماسکو کے لوزنیکی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پری کوارٹر فائنل کا میچ سنسنی تھا۔ اسپین کے اگناشیوک نے 12 ویں منٹ میں خوبصورت گول کرکے اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلادی۔ اس موقع پر روسی کھلاڑیوں نے جوابی حملے کئے لیکن کامیابی نہیں ملی۔ میچ کے 40ویں منٹ میں روسی کھلاڑیوں نے اسپین کے گول پر اٹیک کیا اور کارنر کی ہٹ پر ڈی میں اسپین کے کھلاڑی کے ہاتھ پر گیند لگی جس پر ریفری نے روس کو پینلٹی کک ایوارڈ کی۔ ڈیوبا نے گول کرکے مقابلہ ایک ایک گول سے برابر کردیا۔ دوسرے ہاف میں بھی اسپین نے کئی حملے کئے لیکن گول کیپر ایگر کی شاندار کارکردگی کی بدولت اسپین کوئی گول نہ کرسکی۔ مقررہ وقت کے اختتام پر اسکور ایک ایک گول سے برابر رہا۔ میچ برابر ہونے پر بیس منٹ کا اضافہ ٹائم دیا گیا لیکن اس میں بھی کوئی گول نہ ہوسکا ۔ میچ کا فیصلہ کرنے کیلئےدونوں ٹیموں کو پینلٹی ککس دی گئیں۔ روسی گول کیپر نے دو پینلٹی روک کر فیورٹ اسپین کو باہر کردیا۔ میچ ختم ہونے کے بعد سابق عالمی چیمپئن اسپین کے خلاف پری کوارٹر فائنل میں کامیابی پر روس میں جشن منایا گیا، میچ کے ہیرو گول کیپر آکن فیو کوکھلاڑیوں نے کندھوں پر اٹھا لیا۔ دنیا بھر سے شائقین ورلڈ کپ فٹ بال کے مختلف میچز دیکھنے روس پہنچنے ہوئے ہیں لیکن اتوار کو اسپین کے خلاف لوزنیکی اسٹیدیم میں ہر طرف روسی شائقین دکھائی دے رہے تھے۔ تماشائی اپنے ساتھ ساتھ روسی پرچم اور باجے بھی لائے ہوئے تھے جو مسلسل بجا کر اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتے رہے۔ روسی کھلاڑی کے حملوں اور کامیاب دفاع پر بھی وہ اپنے کھلاڑیوں کو داد دیتے اور مسلسل شور کرتے رہے۔ میچ کے اختتام پر ماسکو شہر میں جشن کا سماں تھا ہر طرف ٹیم کی کامیابی کاچرچہ تھا۔