ومبلڈن اوپن،پہلے ہی روز بڑے ناموں کی چھٹی

لندن(اسپورٹس لنک رپورٹ)سال کے تیسرے گرینڈ سلم ومبلڈن ٹینس چیمپئن شپ کا پہلا ہی راؤنڈ کئی سیڈڈ پلیئرز کیلئے رخصتی کا پیغام بن گیا جب ویمنز سنگل مقابلوں سے نمبر چار سیڈ امریکا کی سلون اسٹیفنز کے علاوہ مینز سنگل راؤنڈ سے بلغاریہ کے گریگور ڈیمٹروف اور کروشیا کے بورنا کورچ کا بھی صفایا ہو گیا۔ایونٹ کے مینز سنگل مقابلوں میں ٹاپ سیڈ سوئس اسٹار راجر فیڈرر نے سربین حریف ڈوسان لائیووچ کو چھ،ایک،چھ،تین اور چھ،چار سے مات دے کر اپنی مہم کا کامیاب آغاز کیا لیکن نمبر چھ سیڈ بلغارین گریگور ڈیمٹروف کیلئے سوئس حریف اسٹینسلاس وارینکا رکاوٹ بن گئے جبکہ نمبر سولہ سیڈ بورنا کورچ کو روس کے ڈینیئل میڈیڈیو نے چلتا کیا۔نمبر تین سیڈ مرین سلچ،نمبر نو سیڈ جان آئزنراور نمبر تیرہ سیڈ مائیلوس رونیک بھی پہلا پڑاؤ پار کر گئے لیکن نمبر 23 سیڈ فرانس کے رچرڈ گیسکوئے کے سفر کا اختتام ہو گیا۔ویمنز سنگل مقابلوں میں ڈنمارک کی کیرولین ووزنیاکی امریکا کی ورورا لیپ چینکو کیخلاف چھ،صفر اور چھ،تین سے جیت گئیں جبکہ ان کے ساتھ سرینا ولیمز،کرسٹینا ملاڈینووچ، لیزیا سورینکو،ککی برٹینز،وکٹوریہ ازارینکا،نمبر نو سیڈ وینس ولیمز،نمبر سات سیڈ کیرولینا پلسکووا، سورانا کرسٹی اور اینڈریا پیٹکووچ بھی پہلا پڑاؤ پار کر گئیں لیکن نمبر چار سیڈ امریکی کھلاڑی سلون اسٹیفنز کو گھر واپسی کا پروانہ مل گیا جن کو کروشیا کی ڈونا ویکچ نے چھ،ایک اور چھ،تین سے مات دے دی جبکہ نمبر اکیس سیڈ لیٹویا کی انستاسیا سیواسٹووا، نمبر اکتیس سیڈ چین کی شوائی زینگ اور نمبر سولہ سیڈ کوکو وینڈے ویگھے کو پہلے ہی راؤنڈ میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

تعارف: newseditor