بلاوایو(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 5 ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں گرین شرٹس نے میزبان ٹیم کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 201رنز سے شکست دے دی ہے۔ امام الحق شاندار سنچری اسکور کرنے پر مین آف دی میچ رہے۔میچ میں ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرنے والی سرفراز الیون نے میزبان زمبابوے کو صرف 107رنز پر پویلین بھیج دیا، ٹیم کا کوئی بیٹسمین گرین شرٹس کے بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کرسکا اور ایک ، ایک کرکے تمام بیٹسمین پویلین لوٹتے گئے تاہم زمبابوے کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین ریان مررے 32رنز بنا کر نمایاں رہے۔پاکستان بولرز کی جانب سے شاداب خان4، عثمان خان اور فہیم اشرف 2،2جبکہ حسن علی اور محمد عامر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ۔
اس سے قبل کوئینز کلب میچ میں کھیلے جانے والے پہلے ایک روزہ میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو گرین شرٹس نے مقررہ 50 اوورز میں 7وکٹ پر 308رنز کا ہدف مقرر کیا ۔قومی اوپنرز نے ٹیم کو ایک زبردست آغاز فراہم کیا اور ایک بڑے ہدف کی بنیاد رکھی ، اوپنر امام الحق نے شاندار 128رنز اسکور کیے جبکہ فخرزمان 60رنز کے ساتھ نمایاں رہے اور پہلی وکٹ پر 113رنز کی شراکت قائم کی جبکہ ڈیبیوکرنے والے نوجوان بیٹسمین آصف علی نے برق رفتار 46رنز بنائے تاہم زمبابوے بولرز کی جانب سے ٹینڈائی چتارا اور ڈونلڈ ٹریپانو نے2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
سرفراز الیون میں فخر زمان، امام الحق، بابراعظم، شعیب ملک، آصف علی، کپتان سرفراز احمد، شاداب خان، فہیم اشرف، حسن علی، محمد عامر، عثمان خان اور یاسر شاہ پر مشتمل ہے۔دوسری جانب میزبان ٹیم کی قیادت ہیملٹن مساکاڈزا کے سپرد ہے جبکہ زمبابوین اسکواڈ میں برین چاری، ٹینڈائی چتارا، چامو چیباہا، ٹیندائی چتارا،، ویلنگٹن مساکدزا، پیٹر مور، ریان مری، تریسائی موساکنڈا، بلیسنگ مزربانی، لیام روچی اور ڈونلڈ ٹریپانو شامل تھے