برسلز (سپورٹس لنک رپورٹ)عالمی کپ فٹ بال 2018 میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی بیلجیئم ٹیم کا ملک واپس پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا ہے۔روس میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن کے لیے کھیلے گئے میچ میں بیلجیئم، انگلینڈ کو ہرا کر تیسری پوزیشن حاصل کرنے کے بعد گذشتہ رات وطن واپس پہنچی جس پر ٹیم کا شاندار استقبال کیا گیا اور ہزاروں افراد نے ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔بیلجیئم کے بادشاہ اور ملکہ نے شاہی محل میں قومی ٹیم کو خوش آمدید کہا اور ان کی کارکردگی کی تعریف کی۔بعدازاں قومی ٹیم کے کھلاڑی ایک بس میں سوار ہوکر دارالحکومت برسلز کی مختلف سڑکوں سے ہوتے ہوئےگرینڈ پیلس پہنچےجہاں عوام ان کے استقبال کے لیے موجود تھی۔پولیس ذرائع کے مطابق ٹیم کا استقبال کرنے والے افراد کی تعداد 40 ہزار سے زائد تھی۔