لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)سیکرٹری سپورٹس پنجاب ایوب چودھری نے سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون اور پنجاب آرچری ایسوسی ایشن کے زیراہتمام ہونیوالی وومن آرچری چیمپئن شپ کا افتتاح جمعہ کے روز پنجاب سٹیڈیم میں کیا، اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری زاہد حسین، ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی،ڈپٹی ڈائریکٹر طارق وٹو، ڈپٹی ڈائریکٹر شاہد نظامی، سیکرٹری پنجاب آرچری ایسوسی ایشن منظر فرید شاہ،ڈویژنل سپورٹس آفیسر فیصل آباد طارق نذیر اور آرچری کے شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی
سیکرٹری سپورٹس پنجاب ایوب چودھری نے نشانہ لگا کر چیمپئن شپ کا افتتاح کیا، افتتاحی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری سپورٹس پنجاب ایوب چودھری نے کہاکہ چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر میں سپورٹس کے فروغ کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں، تحصیل سطح پر تما م کھلاڑیوں کو سپورٹس کے یکساں مواقع فراہم کررہے ہیں تاکہ کوئی کھلاڑی پیچھے نہ رہے، وومن آرچری چیمپئن شپ بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہے،انہوں نے کہا کہ خواتین معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ان کوسپورٹس کی سرگرمیوں میںبڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے
سپورٹس بورڈ پنجاب خواتین کو سپورٹس کی بہترین سہولتیں فراہم کررہا ہے، سپورٹس سرگرمیوں کو سکولوں تک وسعت دی جائے گی، طلبہ کو سپورٹس کی جانب راغب کرنے کیلئے بہترین سہولتیں فراہم کررہے ہیں، چیف سیکرٹری پنجاب کے ویژن کے مطابق ضلع کی سطح پر انٹر ڈسٹرکٹ مقابلوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے اور حال ہی میں لاہورڈویژن انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 16بوائز چیمپئن شپ بھی منعقد کرائی گئی ہے اس کا دائرہ پورے پنجاب تک پھیلایا جائے گا اور جلد ہر ڈویژن میں انٹر ڈسٹرکٹ سپورٹس مقابلے ہوں گے تاکہ نوجوانوں کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے اور نئے کھلاڑی سامنے آئیں، وومن آرچری چیمپئن شپ کا انعقاد خوش آئندہے اس میں مختلف اضلاع سے خواتین نے شرکت کی ہے جو کہ حوصلہ افزا بات ہے، ہم پرامید ہیں کہ خواتین کھلاڑی بھی سپورٹس کے میدان میں ملک کا نام روشن کریں گی۔
قبل ازیں پنجاب سٹیڈیم آمد پر سیکرٹری سپورٹس پنجاب ایوب چودھری کا پرتپاک خیرمقدم کیا گیا اور ان کو گلدستہ پیش کیا، کھلاڑیوں کا ان سے تعارف بھی کرایا گیا۔ایڈیشنل سیکرٹری سپورٹس زاہد حسین نے بھی چیمپئن شپ میں تیر اندازی کرکے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔وومن آرچری چیمپئن شپ میں لاہور، ملتان، بہاولپور، راولپنڈی، فیصل آباد، خانیوال اور جھنگ کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں
خواتین نے آرچری کے مقابلوں میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا، لاہور کی سارہ دلشاد، جھنگ کی عشرت، بہاولپور کی حنا نے 70میٹر کے مقابلے میں شاندار کھیل پیش کیا جبکہ لاہور کی رمشا، بہاولپور کی فرح عباسی، ملتان کی نورالہدیٰ اور جھنگ کی سامعہ نے 30میٹر کے مقابلے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔چیمپئن شپ کے مقابلے 28جولائی کو بھی جاری رہیں گے۔