لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ) ایشین گیمز میں قومی ہاکی ٹیم کی شمولیت پر سوالیہ نشان ہٹ گیا، پی ایچ ایف نے ایونٹ سے پہلے تمام واجبات ادا کرنے کا اعلان کر دیا، کھلاڑیوں کو صرف کھیل پر توجہ دینے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ ایشین گیمز میں ہاکی نمائندگی کا معاملہ حل کر لیا گیا ہے اور کھلاڑیوں کو واجبات کی ادائیگی کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔
ایشین گیمز سے پہلے قومی ہاکی کھلاڑیوں کی فیڈریشن کے خلاف بغاوت دیکھنے میں آئی اور چھے ماہ سے ایک روپیہ نہ ملنے پر ہاکی کھلاڑیوں نے ایشین گیمز میں شرکت سے انکار کیا تھا۔ ہاکی فیڈریشن نے میلہ سجنے سے پہلے تمام واجبات ادا کرنے کا اعلان کر دیا۔
صدر بریگیڈیئر ر خالد سجا کھوکھر سمجھتے ہیں کہ کھلاڑیوں کو کسی نے ورغلایا ہے۔ ایشین گیمز کا میلہ 18 اگست سے انڈونیشیا میں سج رہا ہے جس میں کامیابی گرین شرٹس کو اولمپکس میں شرکت کی ٹکٹ دلائے گی۔