سڈنی(سپورٹس لنک رپورٹ)سابق آسٹریلوی کپتان اور سٹار بلے باز سٹیون سمتھ کی فٹنس مسائل کے باعث انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی میں مزید تاخیر کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ سمتھ بنگلہ دیش میں جاری بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے دوران کہنی کی انجری کا شکار ہوئے تھے جس کی وجہ سے انہیں لیگ ادھوری چھوڑ کر واپس وطن لوٹنا پڑا۔ کرکٹ آسٹریلیا نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹرز نے معائنے کے بعد سمتھ کو کہنی کی سرجری کا مشورہ دیا ہے اور اب 15 جنوری کو ان کی سرجری ہو گی جس کی وجہ سے ہم ان کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کے حوالے سے کسی تاریخ کا تعین نہیں کر سکتے۔ سمتھ کو گزشتہ برس دورہ جنوبی افریقہ کے دوران بال ٹیمپرنگ اسکینڈل میں ملوث ہونے پر کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے ایک برس تک انٹرنیشنل کرکٹ میں معطلی کا سامنا ہے اور ان کی پابندی رواں سال مارچ میں ختم ہو گی۔ ابتدائی طور پر یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ سمتھ پاکستان کے خلاف شیڈول ون ڈے انٹرنیشنل سیریز سے انٹرنیشنل کرکٹ میں کم بیک کریں گے تاہم سرجری کے باعث اب ان کی گرین شرٹس کے خلاف سیریز میں شرکت بھی مشکوک ہو گئی ہے۔