لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے لیے میچز کے ٹکٹس کی آن لائن فروخت شروع ہوگئی۔پی ایس ایل 4 کے لیے آن لائن ٹکٹوں کو مختلف مراحل میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے، پہلے مرحلے میں شارجہ اور ابوظہبی میں منعقدہ 7 میچز کی ٹکٹس فروخت کی جارہی ہیں۔آن لائن بکنگ کے لیے دستیاب ٹکٹوں کی قیمت 20، 30، 65 اور 100 درہم مقرر کی گئی ہے۔دوسرے مرحلے میں دبئی، لاہور اور کراچی میں منعقدہ میچز کے ٹکٹس فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے جس کا اعلان بعد میں ہوگا۔14 فروری سے شروع ہونے والے پی ایس ایل 4 ایڈیشن میں کُل 34 میچز کھیلے جائیں گے جس میں سے 8 میچز پاکستان میں ہوں گے اور دیگر میچز کی میزبانی دبئی، شارجہ اور ابوظہبی کے گراؤنڈز کریں گے۔جن میچز کے ٹکٹس کی آن لائن فروخت جاری ہے اس میں شارجہ میں 20 فروری کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز، 21 فروری کو پشاور زلمی اور کراچی کنگز، 22 فروری کو ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے میچز شامل ہیں۔اسی طرح 23 فروری کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بمقابلہ لاہور قلندرز اور 24 فروری کو پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے درمیان شارجہ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں میچز ہوں گے اور اس کے ٹکٹس آن لائن دستیاب ہیں۔ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں 4 اور 5 مارچ کو ہونے والے میچز کے ٹکٹس بھی آن لائن فروخت کے لیے دستیاب ہیں، 4 مارچ کو پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور 5 مارچ کو لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔