ویلنگٹن (سپورٹس لنک رپورٹ)آپ نے کرکٹ میں بارش کے باعث کھیل رکنے کا تو سنا ہوگا لیکن کیا آپ نے کبھی ایسا سنا یا دیکھا کہ کرکٹ کا کھیل سورج کی وجہ سے روک دیا گیا ہو؟یہ یقیناً سننے میں عجیب لگتا ہے لیکن بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان آج مکلین پارک میں کھیلا جانے والا میچ تقریباً 30 منٹس تک اس وجہ سے روک دیا گیا کہ سورج کی روشنی آنکھوں میں لگنے کی وجہ سے کھیل ممکن نہیں تھا۔کرکٹ میں بارش کے باعث کھیل رکنے کی وجہ سے ڈک ورتھ لوئس قانون کا اطلاق ہوتا ہے لیکن اس میچ میں بارش نہیں بلکہ سورج کی روشنی کی وجہ سے اس قانون کو لاگو کیا گیا۔
ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت نیوزی لینڈ کی جانب سے دیے گئے ہدف میں 2 رنز کی کمی کرکے کھیل کو 49 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔اس سے قبل اسی اسٹیڈیم میں ایک ڈومیسٹک میچ کے دوران سورج کی وجہ سے کھیل روکا جا چکا ہے جب کہ انگلینڈ کے کچھ میدانوں میں بھی کھلاڑی ڈومیسٹک میچوں کے دوران سورج آنکھوں میں لگنے شکایت کر چکے ہی لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ کسی انٹرنیشنل میچ میں سورج کے باعث کھیل روکا گیا ہو ۔عموماً کرکٹ کے میدانوں میں پچوں کی سمت شمال سے جنوب رکھی جاتی ہے لیکن مکلین پارک میں پچ کی سمت مشرق سےمغرب ہے جس کی وجہ سے یہاں سورج بلے بازوں کی آنکھوں میں لگتا ہے۔