کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) کے سی سی اے زون IIIکے زیر اہتمام جاری عبدالحید کھتری انوی ٹیشن کرکٹ ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے دونوں میچوں کے نتائج یکطرفہ ثابت ہوئے ۔جب معین خان اکیڈمی نے صادق جیم خانہ کیخلاف150رنز سے فتح اپنے نام کی۔ مہاروف عزیز نے 45اورسرفراز خان نے 40رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ نجیب خان نے 14رنز پر 5شکار کئے۔ مہاروف نے 3کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔ٹپال سی سی نے پاک انڈپینڈنٹ کو 8وکٹوں کی ہزیمت سے دوچار کیا۔ صدام حسین نے 51اورانوپ روی نے 42رنز کیساتھ اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ معین خان اکیڈمی گراؤنڈ پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے معین خان اکیڈمی نے 39.1اوورز میں تمام وکٹوں پر 224رنز اسکور کئے۔مہاروف عزیز نے 3چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے 45رنز اور سرفراز خان نے 40رنز میں4چوکے لگائے۔ قمر عباس نے اتنے ہی چوکے لگا کر 28رنز اور محمد راشد کے 25رنز میں 2چوکے شامل تھے۔لیوکا وارین نے 49رنز کے عوض 3کھلاڑیوںکو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ حافظ کاشف علی اور کلیم تسلیم نے 2,2کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ جوابی اننگز میں صادق جیم خانہ کی جوابی اننگز 24.1اوورز میں زمین بوس ہوگئی جب 74رنز پر پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔نعمان مرتضیٰ 14رنز کے ساتھ واحد ڈبل فیگر اننگز کھیلنے والی کھلاڑی بنے ۔ دوسرا بڑا اسکور 32رنز کا تھا جو ایکسٹراز کی مد میں بنا۔ دوران اننگز صرف 2بار گیند باؤنڈری لائن کراس کرسکی۔نجیب خان نے 14رنز پر 5کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔مہاروف عزیز نے 6رنز پر 3وکٹیں اڑائیں۔ایمپائرز اختر قریشی اور جمیل احمد جبکہ خیام مرتضیٰ آفیشل اسکورر تھے۔کے جی اے جیم خانہ گراؤنڈ پر پاک انڈپینڈینٹ سی سی نے پہلے اننگز کا آغاز کیا اور 28اوورز میں 9وکٹوں پر 118رنز اسکور بورڈ پر لگائے۔ روی موہن 49رنز کے ساتھ اپنی ٹیم کے ٹاپ اسکورر بنے۔ شکیل احمد اور درپن شنکر 12,12رنز کی باری کھیلنے میں کامیاب رہے۔رضوان اﷲ نے 18رنز پر 4اور علی یوسف نے اتنے ہی رنز پر 3کھلاڑیوں کو کریز چھوڑنے پر مجبور کیا۔ٹپال سی سی نے 14اوورز میں 2وکٹ کھو کر 120رنز جوڑ ے اور فتح کو یقینی بنالیا۔ صدام حسین نے ناقابل شکست 51رنز اور انوپ روی نے 42رنز کی اننگز کھیل کر فتح کو آسان بنایا ۔دونوںکھلاڑیوں کے مابین پہلی وکٹ پر 69رنز بنائے گئے۔ توصیف خان 18رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ضامن علی نے 43رنز پر ایک وکٹ حاصل کی۔جلال اکبر اور جنید افضل نے ایمپائرنگ کے فرائض انجام دئے۔