کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) ٹپال سی سی کے انوپ روی اور عبدالحکیم جبکہ لائنز ایریا جیم خانہ کے زید منیر اور علی جواد کی سنچری رفاقت نے اپنی اپنی ٹیموں کو بالترتیب رہبر اسپورٹس اور بقائی ڈولفن کیخلاف فتح سے ہمکنار کردیا۔کے سی سی اے زون IIIکے زیر اہتمام جاری عبدالحمید کھتری انوی ٹیشن کرکٹ ٹورنامنٹ میں ٹپال سی سی کو 45رنز اور لائنز ایریا جیم خانہ کو 4وکٹوں سے کامیابی ھاصل ہوئی۔ عارف بلوچ کی تباہ کن بولنگ رہبر اسپورٹس کی 6وکٹیں اڑائیں۔بابر رحمن نے بھی عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔کے جی اے جیم خانہ گراؤنڈ پر کھیلے گئے میچ میں ٹپال سی سی نے پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 35اوورز مین 6وکٹوں پر 207رنز اکھٹا کئے۔ انوپ روی نے 60اور عبدالحکیم نے 34رنز بنائے ۔ دونوں کھلاڑی نے پہلی وکٹ پر 103رنز بنا کر اپنی ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا۔بابر رحمن نے 30، راشد حنیف نے 23رنز بنائے۔ محمد غفران اور فراز احمد نے 2,2کھلاڑیوں کو چلتا کیا۔رہبر اسپورٹس جوابی اننگز میں 162رنز پر ہمت ہار گئی جب 31اوورز میں پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ محمد غفران 44، محمد ابراہیم 42رنز اسکور کرسکے۔ دونوں کھلاڑیوں نے پہلی وکٹ پر88رنز جوڑے ۔محمد عاقب نے 27رنز اور محمد اسمٰعیل 14رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ عارف بلوچ نے اپنی تباہ کن بولنگ سے حریف 6کھلاڑیوں کو 26رنز کے عوض نشانہ بنایا۔ بابر رحمن نے بھی 28کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ ایمپائرز جلال اکبر اور شاہد اسلم تھے۔آر ایل سی اے گراؤنڈ یو پی پر بقائی ڈولفن نے پہلے اننگز کا آغاز کیا اور مقررہ 40اوورز میں 8وکٹوں پر 238رنز اسکور بورڈ پر سجائے۔احمر سعید 48،ثناء اﷲ44اور عزت اﷲ 36رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ امان اﷲ اور محمد ہادی کے ہاتھ 2,2وکٹیں لگیں۔ لائنز ایریا نے جوابی اننگز میں مطلوبہ ہدف کو باآسانی حاصل کرلیا جب 39اوورز میں 6وکٹوں پر 242رنز اسکور بک میں درج کرائے گئے۔زید میر نے 70اورعلی جواد نے 44رنز بنا کر فتح کی بنیاد رکھی دونوں کھلاڑیوں نے پہلی وکٹ پر 114رنز کی شراکت قائم کی۔ ارسلان خاننے 38رنز کا حصہ ڈالا۔ آغا صفدر 26رنز بنانے میں کامیاب رہے۔یاسین اﷲ کو 12رنز پر 2وکٹ ملے۔ ایمپائرز ضیاء عباس اور جاوید جعفری تھے۔