نسل پرستانہ جملے بازی سے کرکٹ کو نقصان پہنچا،آئی سی سی

دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ)آئی سی سی چیف ایگزیکٹو ڈیو رچرڈسن نے کہا ہے کہ نسل پرستانہ جملےبازی اورکرپشن سے کرکٹ کو نقصان پہنچا، اسپرٹ آف کرکٹ کو محفوظ بنانا اولین ترجیح ہے۔سرفراز احمد پر نسل پرستانہ فقرے بازی پر عائد پابندی کے فیصلے پر پی سی بی نے اعتراض کیا تھا تاہم اب پابندی کے فیصلے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا ایک اور بیان سامنے آیا ہے۔بھارتی میڈیا سے گفتگو میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈیو رچرڈسن کا کہنا ہے کہ ہمیں اسپرٹ آف کرکٹ کو محفوظ بنانا ہے، کھلاڑیوں کے نظم و ضبط کے حوالے سے حالیہ دنوں میں چند واقعات ہوئے ہیں، ہم نے ان واقعات پر ضروری اقدامات کیے ہیں تاکہ ہر کھلاڑی کو کھیل کی اصل روح سمجھ آجائے۔ڈیو رچرڈسن نے کہا کہ مس کنڈکٹ اور میچ فکسنگ کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات کرنے ہوں گے۔ سری لنکا میں کھلاڑیوں نے کرپشن کے خاتمے کیلئے معلومات کا تبادلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میڈیا میں اینٹی کرپشن کے بارے میں زیادہ رپورٹس اس لیے آرہی ہیں کہ آئی سی سی اس حوالے سے سخت اقدامات اٹھارہا ہے۔

تعارف: newseditor