کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) الحدید جیم خانہ نے بلیو فالکن سی سی کو باآسانی 9وکٹوں سے مات دی جبکہ کراچی بادشاہ کو بھی کامران اسپورٹس کیخلاف 6وکٹوں سے کامیابی حاصل ہوئی۔ کے سی سی اے زونV’بی‘ ڈویثرن لیگ کے دونوں جوابی بیٹنگ کرنے والی ٹیموں کو آسان فتح حاصل ہوئی۔ الحدید جیم خانہ کے سید ثاقب اور عمران حیدر نے دوسری وکٹ پر 105رنز کی شراکت قائم کرکے اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کرداد ادا کیا جبکہ معظم علی کی 26رنز پر 4وکٹیں بھی قابل زکر رہیں۔ کراچی بادشاہ کے بلال نے ناقابل شکست 95رنز کی اننگز کھیلی کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ۔ ایوب خان کی 4وکٹیں بھی کارگر ثابت ہوئیں۔لانڈھی جیم خانہ گراؤنڈ پر کھیلے گئے پہلے میچ میں بلیو فالکن سی سی نے پہلے اننگز کا آغاز کیا اور 31اوورز میں پوری ٹیم 141رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ محمدآصف 42اور حبیب الرحمن 24رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ معظم علی نے 26رنز پر 4اور سید ثاقب نے 14رنز پر 2کھلاڑیوں کو پویلین واپسی پر مجبور کیا۔ جوابی بیٹنگ میں الحدید جیم خانہ نے ایک وکٹ کھوکر مطلوبہ ہدف کو 16.4اوورز میں حاصل کرلیا۔ 36رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد دوسری وکٹ پر سید ثاقب اور عمران حیدر نے 105رنز کی ناقابل شکست رفاقت قائم کرکے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔ سید ثاقب نے 61رنز اور عمران حیدر نے 45رنز ناقابل شکست جوڑے۔ ہدایت اﷲ کو الحدید جیم خانہ کی واحد وکٹ 13رنز کے عوض ملی۔ایمپائرز سیف اﷲ مگسی اور یاسر خان تھے۔ دوسرے میچ میں بھی نتیجہ یکطرفہ رہا ۔ کامران اسپورٹس نے مقررہ 35اوورز میں تمام وکٹوں پر 197رنز کا ٹوٹل اسکوربورڈ پر آویزاں کیا۔ شیراز خلیل نے 46، محمد عظمی نے 31، فہیم احمد نے 31، فہیم احمد نے 25،امجد بخاری نے 23اور اظہر علی نے 20رنز کی اننگز کھیلی۔ایوب خان نے 33رنز پر 4اور لقمان نے 27رنز کے عوض 3حریف کھلاڑیوں کو پویلین واپسی کا پروانہ تھمایا۔کراچی بادشاہ کو فتح کے حصول میں 4وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔ جب 31اوورز کے اختتام پر مطلوبہ ہدف کو 4وکٹوں پر 200رنز بنا کر حاصل کرلیا گیا۔ بلال نے شاندار بیٹنگ کی اور ارسلان علی کے ساتھ ناقابل شکست رہتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح کو یقینی بنادیا۔ بلال نے ناقابل شکست 95اور ارسلان علی نے 33رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔ ایوب خان نے عمدہ بولنگ کے بعد بیٹنگ میں بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے اور 40کی عمدہ اننگز کھیلی۔ شیراز خلیل اور نور عالم کے ہاتھ ایک ایک وکٹ لگی۔ ایمپائرز اویس اقبال اور مرتضیٰ محمود تھے۔