اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق بلے باز سچن ٹنڈولکر نے رواں سال ہونے والے ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم کو فیورٹ قرار دیدیا ہے نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ورلڈ کپ رواں سال انگلینڈ میں کھیلا جائے گا جہاں عالمی نمبر ایک انگلینڈ کو ٹائٹل کے لیے فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے جس نے 2015 ورلڈ کپ کے بعد سے اب تک 54 میں سے 41 ون ڈے میچوں میں کامیابی حاصل کی۔تاہم ٹنڈولکر کا ماننا ہے کہ ویرات کوہلی کی زیر قیادت بھارتی ٹیم ٹائٹل کی سب سے مضبوط امیدوار ہے اور انہوں نے کہا کہ مجھے یہ کہنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہم ٹائٹل کے لیے فیورٹ ہیں۔ٹنڈولکر نے کہا کہ ہم چاہے دنیا کے کسی بھی خطے میں اور کسی بھی پچ پر کیوں نہ کھیل رہے ہوں، ہماری ٹیم ہر لحاظ سے انتہائی متوازن ہے۔تاہم عالمی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز نے تسلیم کیا کہ ورلڈ کپ میں بھارت کا سب سے بڑا حریف میزبان انگلینڈ ہو گا جبکہ انہوں نے بھارت کے خلاف سیریز 4-1 سے ہارنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم کو تیسرا فیورٹ قرار دیا