پی ایس ایل فور،بھارتی اور پاکستانی بک میکرز نے بھی دبئی میں ڈیرے ڈال لئے

اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ) : پاکستان بھارت کے ساتھ دوستی کے لیے کتنا بھی ہاتھ بڑھائے ، لیکن بھارت اپنی روایتی ہٹ دھرمی اور دشمنی دکھانے سے کبھی باز نہیں آتا۔ پی ایس ایل 4 کے لیے ایک طرف جہاں پاکستانیوں اور کرکٹ شائقین میں جنون پایا جاتا ہے وہیں دوسری جانب بھارت نے پی ایس ایل 4 کو بنیاد پر پاکستان کو بدنام کرنے کی کوششوں کا آغاز کردیا ہے۔یہی نہیں بلکہ پی ایس ایل 4 کو متنازعہ بنانے اور میچ فکسنگ کے الزامات عائد کرنے کے لیے 23 بڑے بھارتی بک میکر اور ان کے ہمراہ جوئے کا کارروبار کرنے والے آٹھ بڑے پاکستانی بک میکر دبئی پہنچ گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ پی ایس ایل 4 میں پاکستانی کھلاڑیوں کو بدنام کرنے کے لیے بھی بھارت نے منصوبہ بندی کر لی ہے۔مصدقہ ذرائع نے بتایا کہ بک میکر مافیا نے دبئی کے اندر4 مختلف ہوٹلز میں نہ صرف رہائش اختیار کر رکھی ہے بلکہ ان کے ساتھ 6 مختلف بھارتی چینلز کے رپورٹرز اور دو غیر ملکی میڈیا ہاؤسز کے صحافی بھی موجود ہیں۔ذرائع کے مطابق رمیش لال، قادر بھائی بمبئی والے ، انو کمار، راجیش، راجن چندی گڑھ والا بھارتی بک میکرز کو لیڈ کر رہے ہیں جبکہ کراچی ،لاہور،روالپنڈی اور ملتان سے بڑے بک میکرز بھی وہاں پہنچ چکے ہیں جو بھارتی بک میکرز کے کہنے پر کام کر رہے ہیں اور انہی کی ٹیم کا حصہ بھی ہیں ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ ان پاکستانی بک میکرز اور دبئی میں بھارتی بک میکرز کے ایجنٹس کی ذمہ داری ہے کہ وہ کسی نہ کسی طریقے سے لیگ میں شامل قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی تصاویرانڈین بک میکرز کے ساتھ بنوائیں گے اور پھر ان بین الاقوامی میڈیا میں شائع کروا کر یہ تاثر دیا جائے گا کہ پاکستان سپر لیگ میں بک میکرز ملوث ہیں جبکہ پاکستانی کھلاڑی بھارتی اور پاکستانی بک میکرز کے کنٹرول میں ہیں ۔اس ضمن میں دبئی میں ہونے والی ایسی تقریبات جو خالصتاً کھلاڑیوں کے لیے ہیں ان تقریبات کے دعوت نامے بھی اس مافیا نے حاصل کر رکھے ہیں جن ہوٹلز میں پی ایس ایل کے کھلاڑی رہائش پذیر ہیں وہاں ان کے نہ صرف کمرے بُک ہیں بلکہ اس حوالے سے ان ہوٹلز کے عملے کی خدمات بھی حاصل کی جارہی ہیں تاکہ کسی طریقے سے ایسی تصاویر یا ویڈیوز کھلاڑیوں کے ساتھ بن جائیں جس کو یہ پاکستان سپر لیگ کو بدنام کرنے کے لیے استعمال کر سکیں ۔ذرائع کے مطابق اس حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ بھی باقاعدہ طور پر متحرک ہے کیونکہ ان کا مقصد ہر صورت میں پاکستان سپر لیگ کو متنازعہ بنانا ہے، اس کی ایک اور وجہ یہ بھی ہے کہ بھار ت کے اندر ہونے والی آئی پی ایل کی کامیابی اسی چیز سے مشروط کی جا رہی ہے۔

تعارف: newseditor