دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ) شائقین کرکٹ کو پی ایس ایل کا انتظار پورا سال رہتا ہے جو اپنے فیورٹ کرکٹ سٹارز کو ایک ساتھ یا ایک دوسرے کے مدمقابل کھیلتا دیکھنے کیلئے بے تا ب رہتے ہیں ، یہ انتظار کرکٹ فینز کے ساتھ خود کھلاڑیوں کو بھی رہتا ہے ۔پی ایس ایل کے اسی جنون کو دیکھتے ہوئے اب کرکٹرز بھی نت نئے انداز اپنا کر اپنے فینز کی داد و تحسین اور توجہ حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں ،اس فہرست میں عماد وسیم کا رونالڈو سٹائل اور رومان رئیس کا وکٹ لینے کے بعد دونوں ہاتھ باندھ کر کھڑے ہو کر مسکرانا سرفہرست ہے مگر سٹائل کی اس بازی میں وہاب ریاض اب دیگر کھلاڑیوں پر سبقت لے جا چکے ہیں۔پی ایس ایل3 میں وہاب ریاض وکٹ لینے کے بعد لمبی مونچھوں پر ہاتھ پھیرکر خوشی کا اظہارکرتے تھے اوران کے اس ”سگنیچر سٹائل“ نے دھوم مچا رکھی تھی
پی ایس ایل 4 میں وکٹ لینے کے بعد وہاب ریاض کے نئے سٹائل کے چرچے بھی پھیلنے لگے ہیں جس میں وہ وکٹ لینے کے بعد نہ صرف ہاتھ سے خط تنسیخ کھینچ دیتے ہیں بلکہ پھر انڈر ٹیکر کے سٹائل میں انگوٹھے سے گردن پر ہاتھ پھیر کر بیٹسمین کو اشارہ کرتے ہیں کہ ”چلو آپ کا قصہ ختم ہوا“۔وہاب ریاض کے اس نئے ”سگنیچر سٹائل“ کو کچھ لیگ پسندرہے ہیں اور بعض شائقین کرکٹ کی جانب سے ان پر تنقید بھی کی جارہی ہے کہ اگر کوئی سٹائل اپنانا ہی تھا تو اپنا ہی کوئی ٹرید مارک لے کر آتے یہ کیا کہ انڈر ٹیکر کے سٹائل پر ہی ہاتھ صاف کر دیا۔