چیف آف ایئر سٹاف گالف چیمپئن شپ شبیر اقبال کی تاریخی فتح کیساتھ ختم

کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کے نمبر 1 گالفر شبیر اقبال نے ۱۶ انڈرپار کھیل کر 38ویں چیف آف دی ائیر اسٹاف اوپن گالف چیمپین شپ میں تاریخی فتح سمیٹ لی۔ ائیرمین گالف کورس پی اے ایف بیس کورنگی کریک میں کھیلی جانے والی اس سب سے بڑی چیمپین شپ کے چوتھے راؤنڈ کے آغاز میں ہی شبیر نے ایک بوگی کھیلی تاہم انہوں نے کھیل پربھرپور توجہ مرکوز رکھتے ہوئے تین برڈیز کھیل کر اپنا راؤنڈ ۱۶انڈر ۲۷۲پر ختم کر کے ایک فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ۔ محمد منیر ۴انڈر ۲۸۴ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے ۔جبکہ تیسری پوزیشن حقدار محمد اشفاق اور حمزہ امین قرار پائے جنہوں نے کھیل کا اختتام1انڈر۲۸۷کے اسکور پر کیا۔ ۸۰لاکھ انعامی رقم کی اس چیمپین شپ کی تقریبِ تقسیمِ انعامات کے مہمان خصوصی ائیر مارشل عاصم ظہیر، وائس چیف آف دی ائیر اسٹاف پاکستان ائیر فورس تھے۔

انہوں نے جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیئے۔ مہمانِ خصوصی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انتظامی کمیٹی اور ائیر مین گالف کورس کے تمام عہدیداروں کو چیمپین شپ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہاکہ پاک فضائیہ اسکواش اور سرمائی کھیلوں کے ساتھ ساتھ گالف کو بھی فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ ائیرمین گالف کلب کورنگی کریک میں ایک بہترین ٹرنینگ اکیڈمی قائم کرے گی ۔ جہاں نوجوان کھلاڑیوں کو تربیت کے لئے بہترین سہولیات فراہم کی جائے گی۔ شبیر اقبال کو پروفیشنل ایونٹ جیتنے پر ٹرافی اور نقد انعام سے نوازا گیا۔سینئر پروفیشنل گیٹییگری میں محمد اکرم نے 01انڈر پار گراس اسکور 143 کھیل کر کامیابی اپنے نام کی جبکہ امداد حسین نے دو اسٹروک کے فرق سے 1اوور پار کھیل کر گراس اسکور 145کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی ۔جونیئر پروفیشلنزکا ٹائٹل 06 اوور پار 150کے ساتھ سید بلال نے جیت لیا جبکہ اُن کے ہم نام بلال خان 07 اوور پار 151 کھیل کر دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہو ئے ۔


امیچورکیٹیگری میں تیمور خان نے بہترین کھیل پیش کیا اور 2انڈر 214 گراس کھیل کر کامیابی اپنے نام کی جبکہ محمد ثاقب نے گراس اسکور 225کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی ۔اس کیٹیگری کی تیسری پوزیشن 227گراس کے ساتھ عاشق حسین کے نام رہی ۔نیٹ کیٹیگری میں پہلی پوزیشن کے حقدارمحمد شریف ٹھہرے جنہوں نے 212 نیٹ اسکور کیا ۔ ساجد خان 217اور ارسلان حسین 219 کے ساتھ با لترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ۔لیڈیز کیٹیگیر ی میں آنیا فاروق (۱۶۵ گراس ) کے ساتھ پہلے انعام کی حقدار ٹھہریں جبکہ دانیا سعید(۱۸۱) اور امنا امجد (۱۹۷) گراس اسکور کر کے دوسری اور تیسری انعام کی حقدار قرار پائیں ۔ لیڈیز نیٹ کیٹیگری میں ابیہا سعید نے (۱۴۶) نیٹ کر کے پہلا انعام حاصل کیا جبکہ تبسم شریف (۱۵۹) اور ثنا ء طاہر جاوید (۱۷۷) نیٹ کے ساتھ دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ائیرمین گالف کلب ممبرز کی گراس کیٹیگیری میں عمر انتصار (۷۹ گراس) کے ساتھ پہلے انعام کے حقدار قرار پائے ۔ جبکہ عبداللہ عارف (۸۵ گراس)اور اسکواڈرن لیڈر منصور (۸۷گراس) کو بالترتیب دوسرا اور تیسرا انعام دیا گیا۔ اسی کیٹیگری میں پہلا نیٹ انعام غلام مرتضیٰ (۷۲) نے حاصل کیا ۔ جبکہ دوسری اور تیسری پوزیشن بالترتیب محمد ارسلان (۷۵) اور محمد جاوید (۷۶) نے حاصل کی ۔ مہمانِ خصوصی نے ائیر مارشل(ریٹائرڈ)فرحت حسین کو ‘ہول ان ون ‘کرنے پر نئی سوزوکی سوفٹ گاڑی کی چابی بطور انعام پیش کی۔ چیمپین شپ میں ملک بھر سے 350 سے زائد مشہور گالفرز نے حصہ لیا جن میں108پروفیشنل بھی شامل تھے ۔چیف آف دی ایئر اسٹاف اوپن گالف چیمپیئن شپ 1977میں پہلی مرتبہ متعارف کرائی گئی تھی جس کے بعد سے یہ ہر سال پاکستان گالف فیڈریشن اور پاکستان ایئر فورس کے سالانہ کیلنڈر کا ایک اہم ایونٹ بن چکی ہے۔

تعارف: newseditor