نئی دہلی (سپورٹس لنک رپورٹ)بھارتی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آف اسپنر ہر بھجن سنگھ نے بھارت سے رواں سال جون میں ہونے والے ورلڈ کپ میں پاکستان کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کردیا۔سابق بھارتی کرکٹر ہر بھجن سنگھ نےپلوامہ حملے کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان سرحد پار دہشت گردی پھیلا رہا ہے۔ ہمارے جوانوں کا خون بہت قیمتی ہے ، ہم اسے ضائع ہونے نہیں دیں گے۔انہوں نے اپنےدیش کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہر حال میں اپنے ملک کے ساتھ کھڑے رہیں گے،آج ہم اپنے سپاہیوں کی بدولت زندہ ہیں اسی لیےہم شہیدوں کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو پاکستان کے ساتھ ہر گِز ورلڈ کپ میچ نہیں کھیلنا چاہیے، ہمارا دیش پہلے ہے، ہمیں پڑوسی ملک سے کسی قسم کا بھی رشتہ رکھنے کی ضرورت نہیں۔ کھیل ہمارے لیے ضروری نہیں ہمارا ملک ہمارے لئے اہم ہے۔انہوں نے پاکستان کے خلاف مزید زہر اگلتے ہوئے کہا کہ بھارت اورپاکستان کے درمیان اگر ورلڈ کپ نہ بھی ہو تو بھارت کو کوئی فرق نہیں پڑتا، بھارت خود بہت مضبوط ہے۔واضح رہےبھارت کی انتہا پسندی اپنے عروج پر ہے، بھارت کے ’مہالی اسٹیڈیم‘ سے بھی پاکستان کے لیجنڈ کرکٹرز کی تصویریں ہٹادی گئیں ہیں۔بھارت کی نفرت اس قدر پروان چڑھ چکی ہے کہ بھارت کو ٹینس میں دنیا بھر میں اعلیٰ مقام دلانے والی ثانیہ مرزا کو پاکستان کی بہو قرار دیکر انہیں برانڈ ایمبسڈر آف تلنگانہ کے عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کردیا ۔