نیشنل وومن ہاکی چیمپئن شپ،پنجاب کی ٹیم میں انعامات تقسیم

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)ڈائریکٹر جنر ل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ ہاکی میں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کے لئے بہت زیادہ محنت کی ضرورت ہے، ہاکی کی بحالی کے لئے ماڈرن ہاکی کو اپنانا ہوگا، خواتین کھلاڑیوں نے نیشنل وومن ہاکی چیمپئن شپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، سپورٹس بورڈ پنجاب بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے اور مستحق کھلاڑیوں کو وظائف دے گا، یہ ابھی شروعات ہیں، کھلاڑیوں کے لئے اس سے زیادہ اقدامات کریں گے، کھلاڑی محنت کریں اور ملک کا نام روشن کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں 30 ویں نیشنل وومن ہاکی چیمپئن شپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی پنجاب کی وومن ہاکی ٹیم میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پنجاب وومن ہاکی ایسوسی ایشن کی صدرعابدہ تنویر، سیکرٹری پنجاب وومن ہاکی ایسوسی ایشن راحت خان، پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری آصف ناز کھوکھر، مینجر پنجاب وومن ہاکی ٹیم طلعت لبنیٰ، ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر شاہد نظامی، پنجاب وومن کوچ چاند پروین، سپورٹس آفیشل کنول خان اور دیگر بھی موجود تھے

ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ وومن ہاکی ٹیم نے 30 نیشنل وومن ہاکی چیمپئن شپ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کی جس پر سپورٹس بورڈ پنجاب نے خواتین کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی ہے، ہاکی کی ترقی اور فروغ کے لئے ہر طرح سے تعاون کررہے ہیں،کھلاڑی محنت سے کھیلیں، انہی میں سے سٹار بنیں گی، انہوں نے مزید کہا کہ ہاکی میں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کے لئے ہمیں ماڈرن ہاکی کو اپنانا ہوگا کیونکہ 30 اور40 سال قبل کی ہاکی اب بالکل بدل چکی ہے، لہٰذا ہمیں ماڈرن ہاکی کی طرف جانا ہوگا

جن کا جو کام ہے اسی کو کرنا چاہئے اور ایسے لوگوں کو آگے لایا جانا چاہئے جو یہ کام کرسکیں۔پنجاب وومن ہاکی ایسوسی ایشن کی صدرعابدہ تنویرنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کے تعاون پر ان کے مشکور ہیں جن کی مدد سے کھلاڑیوں کو ہر طرح کی سہولتیں میسر ہوئیں اور کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ہاکی کی ترقی اور فروغ کے لئے ان کی خدمات قابل تحسین ہیں

سیکرٹری پنجاب وومن ہاکی ایسوسی ایشن راحت خان نے کہا کہ ڈائریکٹر جنر ل سپورٹس پنجاب ندیم سرور جس طرح سپورٹس کی ترقی کے لئے اقدامات کررہے ہیں اس سے امید ہے کہ مستقبل میں نئے کھلاڑی پیدا ہوں گے اور سپورٹس کا کلچر فروغ پائے گا۔ تقریب کے اختتام پرڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔کھلاڑیوں نے ان کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔

تعارف: newseditor