عالمی کپ کرکٹ،پاکستان اور بھارت کا میچ،انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا بڑا اعلان سامنے آگیا

دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کا ورلڈ کپ کے میچز میں تبدیلی کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور تمام میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے ۔لندن میں ورلڈ کپ کی تقریب کے موقع پر کرکٹ کی معروف ویب سائٹ کو انٹرویو میں ڈیو رچرڈسن نے کہا کہ آئی سی سی نے کسی بھی بورڈ کو شیڈول میں تبدیلی کے حوالے سے نہیں لکھا ہے، ہم شائقین کے نکتہ نگاہ سے سوچتے ہیں اوراس وقت پاکستان اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے ساتھ مل کر صورتحال کابخوبی اور پوری طرح جائزہ لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یقینی طور پر اس وقت کوئی ایسا اشارہ نہیں ہے کہ جس سے یہ ظاہر ہو کہ ورلڈ کپ کے میچز جس میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والا مقابلہ بھی شامل اُس میں تبدیلی کا کوئی امکان ہو۔ڈیوڈرچرڈسن کا کہنا تھا کہ یہ ضرور ہے کہ صورتحال کا پوری طرح جائزہ لیا جاتار ہے گا۔یاد رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آف اسپنر ہر بھجن سنگھ نے بھارت سے رواں سال جون میں ہونے والے ورلڈ کپ میں پاکستان کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور پلوامہ حملے کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان سرحد پار دہشت گردی پھیلا رہا ہے۔ ہمارے جوانوں کا خون بہت قیمتی ہے ، ہم اسے ضائع ہونے نہیں دیں گے۔

تعارف: newseditor