نئی دہلی (سپورٹس لنک رپورٹ)بھارتی لیجنڈ کرکٹر سنیل گواسکر نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف ورلڈ کپ میں نہ کھیلنے سے نقصان صرف بھارت کا ہی ہوگا۔ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی چینل پر انٹرویو دیتے ہوئے سنیل گواسکر کا کہنا تھا کہ عالمی مقابلے میں بھارت کے ساتھ نہ کھیلنے سے نقصان ہوگا۔جب پروگرام اینکر کی جانب سے سوال کیا گیا تو بھارت کے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ اگر میں آج بھارتی ٹیم میں ہوتا تو ورلڈکپ میں پاکستان کے خلاف میچ لازمی کھیلتا۔اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے سنیل گواسکر نے کہا کہ میرا کھیلنے کا مقصد خالی میچ کھیلنا نہیں ہے بلکہ میچ میں حریف ٹیم کو شکست دے کر اسے ان 2 پوائنٹس سے محروم کرنا ہے جو اسے بغیر کھیلے ملیں گے۔سابق بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ بھارت کے نہ کھیلنے کی وجہ سے پاکستان کو اہم 2 پوائنٹس مل جائیں گے جس سے نقصان صرف بھارت کا ہوگا اور پاکستان کی ممکنہ طور پر سیمی فائنل اور پھر فائنل تک رسائی ممکن ہوجائے گی۔دوسری جانب سنیل گواسکر اپنے حکومت کے فیصلے کے حامی بھی نظر آئے اور کہا کہ اگر بھارتی حکومت پاکستان کے خلاف انگلینڈ میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کا میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کرے گی تو وہ اس کا ساتھ دیں گے۔انڈیا ٹوڈے کو دیے گئے اپنے ایک انٹرویو میں سنیل گواسکر کا کہنا تھا کہ پاکستان کا نقصان عالمی مقابلوں بھارت سے نہ کھیلنے سے نہیں بلکہ دوطرفہ سیریز کے نہ کھیلنے سے ہوتا ہے۔خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے قافلے پر ہونے والے حملے میں 44 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔تاہم ایک مرتبہ پھر بغیر تحقیقات کیے بھارت نے پاکستان پر اس حملے کا الزام عائد کردیا جبکہ اسلام آباد نے اسے بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔اس حملے کے بعد سابق بھارتی کھلاڑی ہربھجن سنگھ نے بھارتی ٹیم کے ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف میچ کی مخالفت کی تھی اور بورڈ سے یہ میچ نہ کھیلنے کا مطالبہ کیا تھا۔