کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)کمشنر کراچی افتخار شالوانی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے میچز جب پاکستان آئیں گے تو کراچی میں کرکٹ ماحول بنایا جائے گا، شہر کو پہلے سے زیادہ بہتر انداز میں سجایا جائے گا۔کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں پی سی بی کے نمائندے ارشد خان، اسپیشل سیکریٹری لوکل گورنمنٹ، ایم ڈی واٹر بورڈ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، ڈی ایم سیز، کنٹونمنٹ بورڈز کے افسران اور کے الیکٹرک کے نمائندے نے شرکت کی۔اجلاس میں ایئر پورٹ سے اسٹیڈیم اور ہوٹلوں تک کے راستوں کی صفائی اور خوبصورت بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔کمشنر کراچی نے کے الیکٹرک کو ہدایت کی کہ وہ شہر کی مختلف شاہراہوں چوراہوں اور لائیو اسٹریمنگ کے مقامات پر بجلی کی فراہمی کے لئے بھی خصوصی اقدام کرے۔سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے اجلاس میں بتایا کہ اہم شاہراہوں اور مراکز سے کچرہ کنڈیاں ختم کی جارہی ہیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ کنٹونمنٹ بورڈز سمیت تمام شہری ادارے فلائی اوورز پر پی ایس ایل کے خوبصورت بینرز آویزاں کریں گے۔