کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ کے پاکستان میں ہونے والے میچز کے ٹکٹوں کی فروخت مقررہ سینٹرز پر جاری ہے اور فائنل میچ کے 500 روپے والے تمام ٹکٹس ایک گھنٹے میں ہی فروخت ہوگئے۔پی ایس ایل کے 8 میچز پاکستان میں ہوں گے جس کے ٹکٹ نجی کوریئر سروس کی 55 مختلف برانچز پر دستیاب ہیں اور شائقین کرکٹ لائنوں میں لگ کر ٹکٹ حاصل کر رہے ہیں۔کراچی کے 27، لاہور کے 12، گوجرنوالہ کے 3، حیدرآباد اور راولپنڈی کے 2،2 سینٹرز پر ٹکٹوں کی فروخت جاری ہے، شہری ایک شناختی کارڈ پر 5 ٹکٹس حاصل کرسکتے ہیں۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 30 ہزار شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے اور فائنل میچ کے تقریباً 18 ہزار ٹکٹ نجی کمپنی کو فروخت کے لیے دیے گئے ہیں جب کہ فائنل میچ کے 500 روپے والے ٹکٹس ایک گھنٹے میں ہی فروخت ہوگئے۔لاہور اور کراچی میں کھیلے جانے والے میچز کے ٹکٹس 500 روپے سے 3 ہزار روپے تک ہیں جب کہ نیشنل اسٹیڈیم میں فائنل میچز کے ٹکٹس 500 روپے سے 8 ہزار روپے تک ہیں۔ کراچی میں 7 مارچ کو پشاور زلمی اور کراچی کنگز کا مقابلہ رات 7 بجے ہوگا جب کہ 9 مارچ کو لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں قذافی اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی۔10 مارچ کو نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسی روز لاہور میں ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ایونٹ کا ایک ایلیمینیٹر میچ لاہور میں ہوگا جب کہ کراچی میں 13 مارچ کو کوالیفائر اور 15 مارچ کو ایلیمینیٹر میچ کھیلا جائے گا جب کہ ایونٹ کا فائنل نیشنل اسٹیڈیم میں 17 مارچ کو ہوگا۔اس سے قبل میچز کے آن لائن ٹکٹس بھی فروخت کے لیے پیش کیے گئے تھے جو مجموعی ٹکٹوں کا 20 فیصد تھا، ایسے شائقین جو آن لائن ٹکٹ بُک کروا چکے ہیں لیکن انہوں نے ہوم ڈلیوری کا آپشن استعمال نہیں کیا، اُنہیں مقررہ سینٹر پر جاکر اپنا ٹکٹ وصول کرنا ہوگا۔