کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) لیثررلیگز کے زیر اہتمام گورنمنٹ گرلز سیکنڈری اسکول کی 8ٹیموں کے مابین لیثررلیگز انڈر14گرلز ٹورنامنٹ کایوپی جیم خانہ گراؤنڈ نارتھ کراچی پر آغاز ہوگیا۔ متعلقہ اسکول کی ہیڈمسٹریس شگفتہ زرین نے بحیثیت مہمان خصوصی گیند کو کک لگا کر ٹورنامنٹ کا رسمی افتتاح کیا۔مہمان خصوصی نے لیثررلیگز کی فٹبال کھیلی کی ترقی اور گرلز کھلاڑیوں میں اسکا شوق پیدا کرنے اور انہیں صحت مند سرگرمیوںکی جانب راغب کرنے کے اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نیک مقصد میں ہمارا بھرپور تعاون لیثررلیگز کے ساتھ رہے گا اور ہم چاہتے ہیں کہ یہ سلسلہ دراز ہو اور ہماری گرلز کھلاڑی فٹبال کھیل کو اپنا کر نہ صرف اپنے اسکول کابلکہ مزید جوش و جذبہ کے ساتھاپنی قدرتی صلاحیتوںکو بروئے کارلاتے ہوئے ملک و قوم کا نام روشن کرنے کا بھی باعث بنیں۔ اس موقع پر اسٹنٹ ہیڈمسٹریس عطیہ فخر،اسکول ٹیچرز، ایریا منیجر لیثررلیگز ریاض احمد، نیشنل ریفری محمد حنیف، کوارڈنیٹرمحمد عمران ودیگر بھی موجود تھے۔ افتتاحی روز 4میچز کھیلے گئے۔ پہلے میچ میں ٹین ’اے‘ کا مقابلہ ٹین ’بی‘ سے ہوا جس میں کوئی بھی ٹیم گیند کا رخ جال کی جانب نہ موڑ سکی اور0-0کی برابری کے ساتھ میدان سے باہر آئیں۔ندا میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔ نائن ’اے‘ اورنائن ’بی‘ کے مابین مقابلہ میں نائن ’اے‘ کو اسماء کے واحد اور فیصلہ کن گول کی بدولت 1-0کی برتری حاصل ہوئی۔ اسماء کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔تیسرے مقابلے میں ایٹ ’اے‘ اور ایٹ ’بی‘ کے مابین مقابلے میں ایٹ ’اے‘ کو 2-0کی کامیابی حاصل ہوئی۔ فاتح ٹیم کیلئے اقرا عبدالغفار اور عمیر ہ عبدالواحد نے ایک ایک بار گیند کو جال میں ڈالا۔اقرا عبدالغفار کو مین آف دی میچ ڈکلیئر کیا گیا۔چوتھا اور آخری میچ 0-0کی برابری پر ختم ہوا جب ایٹ ’اے‘ اور ایٹ ’بی‘ کی ٹیمیں مقررہ وقت میں گیند کا رخ جال کی جانب موڑنے میں ناکام رہیں اور میچ کاا ختتام 0-0پر ہوا۔مصباح میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دی گئیں ایونٹ میں اسکول کی 8ٹیمیں لیگز کی بنیاد پر حصہ لے رہی ہیں ۔ہر ٹیم ایک دوسرے کے ساتھ سنگل لیگ کی بنیاد پرمقابلہ کریںگی۔ 7ہفتہ جاری رہنے والی لیگز میںٹاپ ٹو ٹیموں کو ونر اور رنر ٹرافی اور بیسٹ پلیئر کو میڈل دیا جائیگا۔ ریفری سعد کاظمی اور سید کلیم تھے۔