کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلے سے طے شدہ پریس کانفرنس کرنے سے روک دیا، تفصیلات کے مطابق سرفراز احمد نے شیڈول کے مطابق کراچی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان میچ سے قبل چار بجے پریس کانفرنس سے خطاب کرنا تھا تاہم آخری وقت پر انہیں پیغام پہنچایا گیا کہ وہ پریس کانفرنس سے خطاب نہیں کرینگے اور صرف اپنا پیغام ریکارڈ کرکے چلائیں گے، ادھر ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سرفراز احمد کو پریس کانفرنس کرنے سے اس لئے روکا کہ اس دوران صحافی ان سے آسڑیلیا کیخلاف سیریز کیلئے ٹیم میں شامل نہ کئے جانے کے حوالے سے سوالات کرینگے جس سے کوئی نیا تنازع جنم لے سکتا ہے، دریں اثنا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کوچ معین خان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سرفراز احمد کو کرکٹ بورڈ کی جانب سے پریس کانفرنس کرنے سے منع نہیں کیا گیا یہ فیصلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کیا کہ سرفراز احمد پریس کانفرنس نہ کریں تاکہ کوئی نیا تنازع پیدا نہ ہو،یاد رہے کہ سرفراز احمد کو بورڈ نے آسڑیلیا کیخلاف سیریز کیلئے آرام دینے کی غرض سے ٹیم میں شامل نہیں کیا ہے جبکہ ان کی جگہ ٹیم کی قیادت شعیب ملک کو سونپی گئی ہے۔