ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ، پاکستان کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی طرز میں بہترین کارکردگی کے باعث انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ درجہ بندی میں اپنی پہلی پوزیشن کو برقرار رکھا ہے جبکہ انگلینڈ نے آسٹریلیا سے تیسری پوزیشن چھین لی ہے۔آئی سی سی کی جانب سے جاری ٹی ٹوئنٹی کی تازہ درجہ بندی کے مطابق پاکستانی ٹیم 135 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ بدستور سرفہرست ہے اور بھارت کا دوسرا نمبر ہے۔انگلینڈ کی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو ٹی ٹونٹی سیریز میں کلین سویپ کرنے کے بعد ایک درجہ ترقی پا کر تیسری پوزیشن حاصل کرلی ہے جس کے بعد آسٹریلیا ایک درجہ تنزلی کے ساتھ چوتھے نمبر ہے۔جنوبی افریقہ جیسی مضبوط ٹیم کوئی بہترین نہ کر پائی اور پانچویں نمبر پر موجود ہے اور نیوزی لینڈ کی ٹیم چھٹی نمبر پر موجود ہے۔ٹی ٹوئنٹی کی عالمی چمپیئن ویسٹ انڈیز بدترین کارکردگی کے ساتھ ساتویں جبکہ افغانستان نے اپنے شان دار کھیل سے نہ فتوحات کا سلسلہ جاری رکھا بلکہ درجہ بندی میں سری لنکا اور بنگلہ دیش کو پیچھے چھوڑتے ہوئے آٹھواں نمبر حاصل کرلیا ہے۔ٹی ٹوئنٹی کی عالمی درجہ بندی میں تجربہ کار سری لنکا کی ٹیم اور بنگلہ دیش کی ٹیم مسلسل ناقص کارکردگی کے باعث بالترتیب نویں اور دسویں نمبر پر موجود ہیں۔ٹیسٹ اسٹیٹس رکھنے والی زمبابوے کی ٹیم اسکاٹ لینڈ کے بعد بارھویں نمبر پر جبکہ نیدرلینڈز کی 13 پوزیشن ہے، ایک روزہ کرکٹ میں بڑی ٹیموں کو شکستوں سے دوچار کرنے والی آئرلینڈ کی باصلاحیت ٹیم تاحال ٹی ٹوئنٹی میں اپنی کارکردگی سے متاثر کرنے میں ناکام رہی ہے اور درجہ بندی میں عمان جیسی غیر معروف ٹیم سے محض ایک درجہ آگے 17 ویں نمبر پر موجود ہے۔خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی کے کھلاڑیوں کی درجہ بندی میں بابراعظم سرفہرست اور فخر زمان نویں نمبر بہترین بلےباز ہیں، اسی طرح ٹی ٹوئنٹی کے بہترین باؤلرز کی فہرست میں شاداب خان کا دوسرا، عماد وسیم کا تیسرا اور فہیم اشرف کا نواں نمبر ہے۔ٹی ٹوئنٹی کے بہترین آل راؤنڈرز کی فہرست میں کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی پہلے دس نمبر پر موجود نہیں، سابق کپتان محمد حفیظ اور شعیب ملک بالترتیب 13ویں اور 15 ویں نمبر پر براجمان ہیں۔

تعارف: newseditor