کراچی (اسپورٹس رپورٹر) امت روی کی سنچری اور گل زمان کی 5وکٹوں نے شمیل سی سی کو فضل محمود نیشنل کلب چمپئن شپ میں دہلی بوائز کو 128رنز کی شکست سے دوچارکردیا۔ کے سی سی اے زونIIIکی زیرنگرانی جاری ایونٹ کے دوسر ے میچ میں بقائی ڈولفن نے معین خان کرکٹ اکیڈمی کو 9وکٹوں کی شکست کا داغ لگایا۔عزت اﷲ نے 4کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے فتح کی بنیاد رکھی اور عنایت اﷲ نے فتح گر نصف سنچری بنا کر کامیابی کو یقینی بنادیا۔ایسٹرن اسٹار گراؤنڈ پر شمیل سی سی نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 45اوورز میں 7وکٹوں پر 289رنز کا پہاڑ کردیا۔ امت روی نے 132رنز کی دلفریب اننگز میں 13بار گیند کو باؤنڈری کراس کرائی اور 2بار گیند کو باؤنڈری کے باہر پھینکا۔محمد الیاس نے 2چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 45رنز جبکہ آصف نواز نے 6چوکے لگا کر 27رنز کی باری کھیلی۔ زہیب مرزا نے 65رنز کے عوض 5حریف بلے بازوں کو چلتا کیا۔دہلی بوائز کی ٹیم 40اوورز میں پویلین لوٹ گئی جب 161رنز اسکور کئے گئے۔ اسد الحق کے 61رنز میں 9چوکے نمایاں رہے۔ محمد حسن نے 4چوکے لگا کر 19رنز بنائے۔ گل زمان نے 5کھلاڑیوں کو 22رنز کے عوض پویلین پہنچایا۔ علی مہر کو 11رنز پر 2وکٹ ہاتھ لگے۔محمد اصغر اور شاہد اسلم ایمپائرز جبکہ نجم الدین آفیشل اسکورر تھے۔دوسرے میچ میں معین خان کرکٹ اکیڈمی نے پہلے اننگز کا آغاز کیا اور پوری ٹیم 25.5اوورز میں 100رنز پر پویلین سدھار گئی۔ محمد اشفاق 21اور سلیم خان نے 20رنز میں 3,3چوکے رسید کئے۔ قمر عباس نے 2چوکے لگا کر 15رنز بنائے۔ عزیت اﷲ نے 32رنز پر 4وکٹیں اپنے نام کیں۔ عنایت اﷲ اور یاسین اﷲ نے 2,2وکٹیں اڑائیں۔ بقائی ڈولفن کی ٹیم 15.3اوورز میں ایک وکٹ پر 103رنز بنا کر فاتح کی حیثیت سے میدان سے باہر آئی۔ عنایت اﷲ نے ناقابل شکست 53رنزمیں 7چوکے اوراسد نواب نے 42رنز میں 5چوکے لگائے۔ ایاز خان نے حریف ٹیم کی واحد وکٹ 4رنز کے عوض حاصل کی۔ ایمپائرز طاہر رشید اور محمد یونس جبکہ خیام مصطفی آفیشل اسکورر تھے۔