لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے انتہائی مسرت ہورہی ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب 8 سال بعد پنجاب گیمز اپریل میں منعقد کررہا ہے، 72 ویں پنجاب گیمز 2019ء تین سے 6 اپریل تک لاہور میں منعقد ہوں گی جس میں پنجاب کی 9 ڈویژنز سے مردوخواتین کھلاڑی حصہ لیں گے، پنجاب گیمز میں 30 کھیلوں کے مقابلے ہوں گے جن میں سے 21 مردوں، 7 خواتین اور 2 معذور بچوں کی گیمز شامل ہیں، 72ویں پنجاب گیمز 2019ء سپورٹس بورڈ پنجاب اور پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن مل کر کرارہے ہیں، پنجاب کی تمام سپورٹس ایسوسی ایشنز بھی ہمارے ساتھ ہوں گی، ہم سب کو مل کر سپورٹس کی ترقی اور فروغ کے لئے کام کرنا ہوگا، پنجاب گیمز سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور نئے کھلاڑی ابھر کر سامنے آئیں گے
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل ادریس حیدر خواجہ ، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان ، ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی، چیف کنسلٹنٹ شاہد فقیر ورک و دیگر بھی موجود تھے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے مزید کہا ہے کہ پنجاب گیمز آخری بار 2011ء میں منعقد کی گئی تھیں جس کے بعد یہ سلسلہ رُک گیا، سپورٹس بورڈ پنجاب نے اپنے مینڈیٹ کے مطابق 8 سال بعد پنجاب گیمز کو بحال کیا جس سے سپورٹس کا کلچر بحال ہوگا اور کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع بھی ملے گا، انہوں نے کہا ہے کہ 72ویں پنجاب گیمز 2019ء میں 9 ڈویژنز سے 3 ہزار مردوخواتین کھلاڑیوں کی شرکت متوقع ہے، پنجاب گیمز کی بھرپور تیاری شروع کردی گئی ہے، کھلاڑیوں کے اوپن ٹرائلز شروع ہوچکے ہیں اور بعض ٹیمیں بھی تشکیل دیدی ہیں، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے مزید کہا ہے کہ 72 ویں پنجاب گیمز 2019ء کے انعقاد سے پنجاب اور ملک کی سپورٹس میں بہتری آئے گی ، پنجاب کے کھلاڑیوں کو اپنا ٹیلنٹ دکھانے کے لئے بہترین پلیٹ فارم مہیا کررہے ہیں، کھلاڑی آئیں اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں، انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق سپورٹس کی ترقی اور فروغ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں
پنجاب گیمز میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے کیش انعامات بھی رکھنے کی تجویز زیر غور ہے، ہم چاہتے ہیں کہ جو بھی انعام ہو وہ براہ راست کھلاڑی کو ملے تاکہ ان کی سپورٹس میں دلچسپی بڑھے اور وہ محنت سے سپورٹس میں حصہ لیں، ایک سوال کے جواب میں ڈائریکٹر جنر ل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا کہ بہت جلد 72ویں پنجاب گیمز 2019ء کے لوگو، پرومو اور سلوگن کی بھی رونمائی کی جائے گی، ہم امید کرتے ہیں میڈیا اس ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لئے ہمیشہ کی طرح تعاون کرے گا تاکہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہو۔پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹر ی جنرل ادریس حیدر خواجہ نے کہا ہے کہ پنجاب گیمز بحال کرنے پر تمام سپورٹس تنظیمیں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کی مشکور ہیں، پنجاب گیمز کی بحالی خوش آئند ہے جس سے نئے کھلاڑیوں کی کھیپ سامنے آ ئے گی اور ان میں سے ہی چیمپئن بنیں گے، ہم امید کرتے ہیں کہ نیا پاکستان سپورٹس کے لئے بہتر ہوگا ، انہوں نے کہا ہے کہ 72پنجاب گیمز 2019ء کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب3اپریل کو پُروقار انداز میں ہوگی جس میں گزشتہ 8 سال کی کمی کو پورا کیا جائے گا، ہماری خواہش ہے کہ افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور اختتامی تقریب میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور شرکت کریں، پنجاب گیمز کی فل ڈریس ریہرسل 2 اپریل کو ہوگی، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن 72ویں پنجاب گیمز 2019ء کے انعقاد کے لئے مکمل تعاون کررہی ہے، تمام ایسوسی ایشنز کے سیکرٹریز خدمات سرانجام دیں گے۔ کھلاڑیوں کے لئے یہ بہترین موقع ہے کہ وہ آگے بڑھیں اور سپورٹس میں اپنا مقام بنائیں۔