کراچی (اسپورٹس رپورٹر) داؤد اسپورٹس نے مسلسل 5ویں کامیابی کے ساتھ کے سی سی اے زونII’اے‘ ڈویثرن لیگ کے سیمی فائنل میں اپنی نشست کو محفوظ بنالیا۔ جب نیو یونائیٹڈ جیم خانہ 16رنز کی ہزیمت سے دوچارہوئی۔ کاشف اقبال نے 44رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ جنید نعیم کی 5وکٹوں نے بھی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ناکام سائیڈ کے فیضان علی کی نصف سنچری اور جنید الیاس کے 5شکار بھی انکی ٹیم کو شکست سے بچانے میں مددگار ثابت نہ ہوسکے۔ٹی ایم سی کے خوبصورت اسٹیڈیم کی سرسبز فیلڈ پر داؤد اسپورٹس نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 29.4اوورز میں 136رنز اسکور بورڈ پر لگانے میں کامیاب رہی۔ کاشف اقبال 44رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔ سعید بن ناصر نے 38اور احمر بن ناصر نے 13رنز کی اننگز کھیلی۔ جنید الیاس نے 23رنز پر 5کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا ا ور اصغر شاہ 17رنز کے عوض 4کھلاڑیوں کو پویلین روانہ کرنے کا سبب بنے۔نیو یونائیٹڈ جیم خانہ جوابی اننگز میں مطلوبہ ہدف کے حصول میں اس وقت ناکام ہوگئی جب فتح سے 16رنز کی دوری پر 38اوورز میں پوری ٹیم 120رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ فیضان علی خان نے 50رنز ، سفیان یوسف 37رنز اور عبیس اﷲ نے 18رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو شکست سے بچانے کی بھرپور کوشش کی لیکن دیگر بلے بازقابل زکر کارکردگی نہ پیش کرسکے۔ جنید نعیم نے اپنی عمدہ بولنگ سے 5حریف بیٹسمینوں کو کریز چھوڑنے پر مجبور کیا جبکہ نادر شاہ نے بھی 18رنز کے عوض 3کھلاڑیوںکو میدان بدر کیا۔ محمد ریحان اور محمد فہیم نے ایمپائرنگ کے فرائض انجام دئے۔