فضل محمود کرکٹ زونVII‘ناظم آباد ینگسٹراور شاہی باغ سی سی کی یکطرفہ کامیابی

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) ناظم آباد ینگسٹر نے پاکریسنٹ کو 128رنز اور شاہی باغ سی سی نے ملک اسپورٹس کو 4وکٹوں سے شکست دے کر فضل محمود نیشنل کلب چمپئن شپ زونVIIمیں اپنی کامیابیوںکے سلسلے کو مزید دراز کیا۔ ناظم آباد ینگسٹر کے محمود شاہ نے 81رنز کی قابل زکر اننگز اور ظفر علی کی عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی انکی ٹیم کی فتح میں معاون ثابت ہوئی۔ ناکام سائیڈ کے حذیفہ منیر کی 34رنز اور صغیر عباس کی 4وکٹیں کارگر ثابت نہ ہوسکیں۔ شاہی باغ سی سی کے حمزہ محسن 30رنز ، عبدالمقدم اورذیشان نذیر کی 3,3وکٹوں کا فتح میں کلیدی کردار رہا۔ عمران خان کے 26رنز اور حیدر علی کی 3وکٹیں رائیگاں گئیں۔ ناظم آباد جیم خانہ گراؤنڈ پر ناظم آباد ینگسڑ نے پہلے اننگز کا آغاز کیا اور38.5اوورز کا سامنا کرکے تمام وکٹوں پر 241رنز جوڑے۔محمود شاہ نے 8چوکوں اور 2چھکوںکی مدد سے 81رنز کی قابل زکر اننگز کھیلی۔ ظفر علی نے 39رنز میں 3چوکے اور2 چھکے لگائے۔محمدسلیمان کے 38رنز 3چوکوں کے مرہون منت تھے۔ صغیر عباس نے 28رنز پر 4کھلاڑیوںکو نشانہ بنایا۔ محمد قیوم اور رمیر زبیر نے 2,2وکٹیں باہم تقسیم کیں۔پاک کریسنٹ کی جوابی اننگز 23.4اوورز میں 113رنز پر تمام ہوگئی ۔ حذیفہ منیر نے 34، محمد جواد اور خضر خالد نے 21رنز کی اننگز کھیلیں۔ ظفر علی نے 19رنز پر 4مہرے کھسکائے جبکہ عمران خان نے 22رنز پر 3کھلاڑیوںکو ٹھکانے لگایا۔طاہر رشید اور نذیر بٹ ایمپائرز جبکہ سید عمران علی آفیشل اسکورر تھے۔آصف آباد گراؤنڈ پر ملک اسپورٹس کو پہلے بیٹنگ کا موقع ملا اور 28.3اوورز میں 114رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ عمران خان نے 4چوکوں اور ایک چھکے کی بدولت 26رنز بنائے۔ کامران الدین کے 22رنز میں 2چوکے اور سجاد امیر کے 14رنز میں ایک چوکا شامل تھا۔ذیشان نذیر نے 17رنز اورعبدالمقدم نے 36رنز پر 3,3بلے بازوںکو پویلین کی راہ دکھائی۔ انزال احمد کے ہاتھ 22رنز پر 2وکٹ لگے۔شاہی باغ سی سی نے مطلوبہ ہدف کو 6وکٹوں پر حاصل کرلیا جب 118رنز اسکور بورڈ پر آویزاں کئے گئے۔حمزہ محسن کے 30رنز 3چوکوں اورایک چھلے پر مشتمل تھے۔ انس جاوید اور عفنان کریم کے 24,24رنز میں بالترتیب 4 اور 2چوکے شامل تھے۔ حیدر علی نے 42رنز کے عوض 3کھلاڑیوںکو چلتا کیا ۔ نذیر بٹ اور عمران جاوید ایمپائرز اور سید عمران علی آفیشل اسکورر تھے۔

تعارف: newseditor