کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کراچی فرینڈز یونائیٹڈ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام انٹر اسکول بوائز اینڈگرلز انڈر14 فٹسال ٹورنامنٹ کا شاندار اختتام ہوگیا۔ پی اے ڈی گراؤنڈ پر کھیلے گئے گرلز ایونٹ کے سیمی فائنلز میں حق اکیڈمی نے ڈی ایچ اے سی ایس ایس، سی ویو اسکول کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3-2اور آغا خان اسکول کھارادر نے ایوسینا کو 4-0سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا فائنل انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز ثابت ہوا جب کھارادرنے 1-0کے فرق سے حق اکیڈمی کو قابو کرکے فاتح ٹرافی اپنے نام کی۔ تیسری پوزیشن کے میچ میں سی ویو اسکول نے ایوسینا کو 1-0سے مات دے کر برانز میڈل کے حصول میں کامیاب رہی۔بوائز ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں بی وی ایس پارسی اسکول نے حق اکیڈمی کو 2-1کی شکست سے دوچار کیا اور آغا خان اسکول کریم آباد نے باآسانی دوسرے سیمی فائنل میں ریفلیکشن کو 4-0سے ٹھکانے لگایا۔فائنل یکطرفہ ثابت ہوا جب آغاخان اسکول کریم آباد کی ٹیم بی وی ایس پارسی اسکول کو 4-1سے شکست دے کر فاتح قرار پائی۔ تیسری پوزیشن کے میچ کا نتیجہ ٹائی بریکر پر برامد ہوا جب ریفلکیشن اسکول کو حق اکیڈمی پر 2-0کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوئی۔
میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی محمد رئیسی،میونسپل کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر ، ڈسٹرکٹ ساؤتھ نے کراچی فرینڈ یونائیٹڈ ایسوسی ایشن کو شاندار ایونٹ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس طرح کی صحت مند سرگرمیوں کو جاری رکھنے کیلئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا بعدازاںمہمان خصوصی نے انڈر14بوائز اینڈ گرلز ایونٹ کی کامیاب ٹیموں میں ٹرافی اور ٹورنامنٹ کی بیسٹ پلیئر(گرلز) ماہین جاوید (آغا خان اسکول کھارادر) ، پلیئر آف دی ٹورنامنٹ انسیا رضا (حق اکیڈمی) اور گرل آف دی فائنل میچ رمشا فاطمہ کو انعامات سے نوازا۔ تقریب تقسیم انعامات کے اختتام ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن ماجد رسول نے مہمان خصوصی محمد رئیسی اور جملہ اسکول کی شرکت پر ان سے اظہار تشکر کیا۔