کراچی (اسپورٹس رپورٹر) لیاری کی قدیم کلب تاج مسلم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ڈسٹرکٹ ساؤتھ چمپئن حیدر ی بلوچ کو مقررہ وقت میں 0-0سے برابر کھیل کر ٹائی بریکر پر 4-3سے شکست دے کر آل پاکستان مشتاق راجپوت اینڈ ریاض تنولی میموریل فٹبال ٹورنامنٹ کی فاتح ٹرافی اپنے نام کرلی۔فائنل میچ کے مہمان خصوصی میئر کراچی وسیم اختر اپنی محکماجاتی ذمہ داریوں کے باعث اپنی شرکت کو یقینی نہ بناسکے تاہم انہوں نے آصف صدیقی، چیئرمین یوسی 22کو بحیثیت نمائندہ شرکت کیلئے بھیجا جنہوں نے میئر کراچی کا پیغام پڑھ کر سنایا جس میں ٹورنامنٹ کے چیف آرگنائزر ضمیر مشتاق اور ان کی کابینہ کے جملہ اراکین کو شاندار ٹورنامنٹ کے انعقاد پر زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ٹورنامنٹ کی فائنلسٹ ٹیمیں ، آرگنائزر اور لیاری کے وہ بچے جو قطر میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کرکے کامیاب و کامران وطن واپس آئے ہیں ان سب کے اعزاز میں ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا جائے گا۔ عثمان آباد یونین اور کراچی سٹی کے زیر اہتمام منعقدہ آل پاکستان ٹورنامنٹ میں 200سے زائد ٹیموں نے ناک آؤٹ کی بنیاد پر حصہ لیا۔سیمی فائنل میں حیدری بلوچ نے ینگ اتحاد بلدیہ اور تاج مسلم نے میزبان کراچی سٹی کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔فائنل انتہائی دلچسپ رہا اور مقررہ وقت میں مقابلہ 0-0سے برابر ہونے کے باعث ٹائی بریکر پر میچ کو فیصلہ کن بنایا گیا ۔ تاج مسلم کی جانب سے جنید، سمیر، سماء سینئر اور حبیب نے درست نشانہ بازی کی ۔عتیق احمد کی کک رائیگاں گئی۔ حیدری بلوچ کیجانب سے وسیم چینا اور واحد مراد کے نشانے خطا ہو گئے تاہم سیمر ، عذیرصادق اور ماجد نشانے درست نشانہ بازی کی۔ریفری یوسف منصوری، راؤفاروق، تنویر احمداور الٰہی بخش تھے۔ فاتح ٹیم کے گول کیپر اختر علی کو دوران میچ اور پنالٹی ککس پر شاندار کھیل پیش کرنے پر مختلف شخصیات کی جانب سے 10ہزار روپے کیش انعام دیا گیا۔ اس موقع پر رنچھوڑ لائن کی یونین کونسل 20اور22کے ذمہ داران آصف صدیقی، محمد اقبال چھیپا، مرزا فیصل، اعجاز چوہان، تنویر احمد کے علاوہ سیاسی رہنما سلیم رانا، رکن پی ایف ایف ناصر کریم بلوچ ، جمیل ہوت، ایریا منیجر کراچی لیثررلیگس (پاکستان) ،ریاض احمد، آرگنائزنگ سیکریٹری ضمیر مشتاق، ڈی ایف اے ساؤتھ کے جملہ عہدیداران و ممبران، رسول بخش، حسین بخش و دیگر افراد نے شرکت کی۔ میچ کے اختتام پر آصف صدیقی اور سلیم رانا نے تاج مسلم اور حیدری بلوچ کے کپتانوںمیں ونر اور رنر اپ ٹرافی کے علاوہ کیش ایوارڈبالترتیب 20ہزار اور 10-ہزار روپے اوکھلاڑیوں میں انفرادی انعامات تقسیم کئے۔