خانیوال(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان نے نیزہ بازی میں 6 عالمی ریکارڈ قائم کرکے نئی تاریخ رقم کردی۔خانیوال کے علاقے تلمبہ میں سلطانیہ اعوان کلب کی جانب سے ٹینٹ پیگنگ میں ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے کے حوالے سے پروگرام کا انقعاد کیا گیا۔پاکستان سے تعلق رکھنے والے انٹرنیشنل گھڑ سوار سلطان بہادر عزیز کی سربراہی میں ملک بھر سے آئے گھڑ سواروں نے شاندار مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 عالمی ریکارڈ قائم کیے۔
120 گھڑ سواروں نے 2 منٹ 40 سیکنڈ میں 90 نشانے لگائے اور 70 کلے ساتھ لے جاکر کر ورلڈ بنا ڈالا جو اس سے پہلے دنیا میں کبھی نہیں ہوا۔گھڑ سواروں نے 166 سیکنڈز میں 120 گھوڑوں کو فنشنگ لائن تک پہنچا کر دوسرا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔
پاکستانی گھڑ سواروں کی جانب سے تیسرا ریکارڈ بیک وقت 24 گھوڑے ٹریک پر دوڑا کر بنایا گیا، اس کے علاوہ بیک وقت 6 ٹیموں نے ایک ساتھ دوڑ کر چوتھا ریکارڈ اپنے نام کیا اور اس ریکارڈ کو کامیاب بنانے میں 30 ٹیموں نے حصہ لیا جو خود ایک ریکارڈ بن گیا۔
چھٹا اور آخری ریکارڈ سنگل لائن میں 6 ٹیموں نے ایک ساتھ دوڑ کر بنایا۔سلطانیہ اعوان کلب کی انتظامیہ نے ان ریکارڈز کی ویڈیوز گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کو بھیج دی ہیں جو ان کا جائزہ لیکر پاکستان کے عالمی ریکارڈز کا باقاعدہ اعلان کرے گا۔