ڈیبیو میچ پر سنچری سکور کرنے والے عابد علی نے بڑا ریکارڈ اپنے نام کرلیا

دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ)قومی ٹیم کے اوپنر عابد علی ڈیبیو میچ میں آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کیخلاف سنچری بنا کر راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچ چکے ہیں اور اس کیساتھ ہی انہوں نے ملکی تاریخ کی طویل ترین اننگز کھیلنے والے بلے باز کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا ہے۔عابد علی ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں اپنے پہلے ہی میچ میں سنچری کرنے والے دنیا کے 15 ویں اور پاکستان کے تیسرے بلے باز بن چکے ہیں۔پاکستان کیلئے سب سے پہلے ڈیبیو میچ میں سنچری کرنے کا اعزاز سلیم الہی نے 29 ستمبر 1995کو سری لنکا کے خلاف جناح سٹیڈیم ،گوجرانوالہ میں حاصل کیا تھا اور ناقابل شکست 102 رنز بنائے جبکہ پاکستان نے اس میچ میں فتح بھی حاصل کی تھی۔پاکستان کی جانب سے دوسری ڈیبیو سنچری نوجوان بلے باز امام الحق نے 18 اکتوبر 2017کو ابوظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں سری لنکا کیخلاف بنائی تھی اور وہ 100 رنز مکمل کرتے ہی آٹ ہو گئے تھے البتہ اس میچ میں بھی پاکستان نے کامیابی حاصل کی تھی اور یوں امام الحق کیلئے سنچری یادگار ہو گئی۔عابد علی نے عالمی چیمپئن آسٹریلیا کیخلاف نہ صرف اپنے کیریئر کی پہلی سنچری بنائی بلکہ مشکل وقت میں بیٹنگ لائن کو سنبھالا دیتے ہوئے ڈیبیو میچ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بنا دیا۔انہوں نے 119 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے 112 رنز کی تاریخی اننگز کھیلی اور اپنا نام ریکارڈ بک میں شامل کروا لیا۔قومی ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ نے 1985میں کرائسٹ چرچ کے مقام پر نیوزی لینڈ کیخلاف اپنے پہلے ون ڈے میچ میں 75رنز سکور کیے تھے ، عابد علی کے ساتھ بلے بازی کرنیوالے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے بھی 2015میں بنگلہ دیش کیخلاف ڈھاکہ کے مقام پر67رنز کی باری کھیلی تھی۔واضح رہے کہ ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں اپنے پہلے میچ میں طویل ترین اننگز کھیلنے کا اعزاز ویسٹ انڈیز کے سابق عظیم بلے باز ڈیسمنڈ ہینز کا ہے جنہوں نے 22 فروری 1978کو آسٹریلیا کیخلاف سینٹ جونز انٹیگا میں 148 رنز بنائے تھے،اس فہرست میں جنوبی افریقہ کے کولن انگرام 2010اور ہانگ کانگ کے مارک چیپ مین 2015میں 124 ،124رنز کی اننگز کھیل کردوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل نے 2009میں اپنے ڈیبیو میچ میں122رنز سکور کرکے چوتھی پوزیشن اپنے نام کررکھی ہے،سابق زمبابوین کپتان اینڈی فلاور 23 فروری 1992کو سری لنکا کیخلاف ناقابل شکست 115 رنز سکور کرکے پانچویں نمبر پرموجود ہیں،جنوبی افریقہ کے ٹمبا باووما نے2016میں اپنے ڈیبیو میچ میں113رنز کی باری کھیلی اور وہ چھٹی پوزیشن پر براجمان ہیں۔

تعارف: newseditor