سڈنی (سپورٹس لنک رپورٹ)سڈنی: آسٹریلیا باؤلرز نے ان غلط اور اشتعال انگیز بیانات پر برہمی کا اظہار کیا ہے جن میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے بعد ان باؤلرز نے کہا تھا کہ اگر ڈیوڈ وارنر کو اگلے ٹیسٹ میں کھلایا تو وہ بائیکاٹ کردیں گے۔گزشتہ سال مارچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں سامنے آنے والے شرمناک بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کا مرکزی کردار ڈیوڈ وارنر کو ہی قرار دیا جا رہا تھا جس کے بعد اوپننگ بلے باز کے ساتھ ساتھ کپتان اسٹیون اسمتھ پر بھی آسٹریلیا نے ایک سال کی پابندی عائد کردی تھی۔سڈنی مارننگ ہیرالڈ نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ مچل اسٹارک، جوش ہیزل وُڈ، پیٹ کمنز اور نیتھن لایون نے نے یہ امکان ظاہر کیا تھا کہ اگر وارنر کو سیریز کا چوتھا ٹیسٹ میچ کھلایا گیا تو احتجاجاً وہ میچ نہیں کھیلیں گے۔اخبار نے اس واقعے کے فوراً بعد ڈریسنگ روم کے ماحول میں پڑنے والی دراڑ کا دعویٰ کرتے ہوئے متعدد ذرائع کا حوالہ دیا تھا۔تاہم اتوار کو ان چاروں کھلاڑیوں نے اس خبر کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اخبار کے اس دعوے سے شدید مایوسی ہوئی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہم نے وارنر کو کھلانے کی صورت میں ٹیسٹ میچ سے دستبردار ہونے کی دھمکی دی۔ان کا کہنا تھا کہ یہ بیان کئی لحاظ سے مایوس کن ہے لیکن سب سے اہم چیز یہ ہے کہ یہ ایک غلط بیان ہے۔کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری کردہ اس بیان میں کھلاڑیوں نے مزید کہا کہ ان کھلاڑیوں پر عائد پابندی ختم ہو چکی ہے اور اب ہماری نظریں بحیثیت ٹیم آگے بڑھنے پر مرکوز ہے تاکہ ورلڈ کپ اور ایشز کی تیاری کے لیے آسٹریلین ٹیم کی مدد کر سکیں۔یاد رہے کہ ڈیوڈ وارنر اور اسٹیون اسمتھ پر عائد کی گئی پابندی چند دن قبل ختم ہو چکی ہے اور وہ ان دنوں انڈین پریمیئر لیگ کھیلنے میں مصروف ہیں۔تاہم کرکٹ ماہرین اس وقت یہ سوال کر رہے ہیں کہ آیا ان کھلاڑیوں کو آسٹریلین ورلڈ کپ اسکواڈ میں قبول کیا جائے گا کیونکہ اس وقت آسٹریلین ٹیم بہت اچھی شکل میں نظر آ رہی ہے۔تاہم اکثریت کا ماننا ہے کہ اپنی مہارت اور تجربے کے سبب ان کھلاڑیوں کا 30مئی سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے آسٹریلین ٹیم میں شنادار استقبال کیا جائے گا اور دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا کی ورلڈ کپ کے دفاع کی امیدیں مزید بڑھ جائیں گی۔