کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کے سی سی اے زونIVکے سیکریٹری شمیم انور صدیقی کیخلاف 31مارچ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تحریک عدم اعتماد کیلئے رائے شماری کی گئی ۔ جس میں زونIVکے 32کلبوںکے صدور نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیااورشریک جملہ کلبوں نے شمیم انور صدیقی کیخلاف اپنا ووٹ کا استعمال کیااورتین چوتھائی اکثریت سے تحریک عدم اعتماد کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔ زونIVکے سرپرست اعلیٰ مسرت رضا نے 27کلبوں کے صدور کے دستخطوں سے تحریک عدم اعتماد پی سی بی ، آفس ،لاہور کاروائی کیلئے ارسال کی۔ واضح رہے کہ تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کیلئے 50فیصد ووٹرز کی ضرورت ہوتی ہے۔ پی سی بی کی جانب سے جنرل منیجر ، نیشنل اسٹیڈیم کراچی کو تحریری ہدایت جاری کی گئی کہ امتیاز احمد،صدر,کے سی سی اے زونIV سے مشاورت کے بعد تحریک عدم اعتماد کیلئے رائے شماری کی تاریخ طے کی جائے۔ اتفاق رائے سے 31مارچ ‘ 2019کو رائے شماری کا حتمی فیصلہ کیا گیا۔جس میں زونIVکے الحاق شدہ 32کلبوںنے شمیم انور صدیقی پر اپنے عدم اعتماد کا اظہار۔ زونIVکے نئے سیکریٹری کیلئے جلدپی سی بی کی جانب سے نئی تاریخ کا اعلان کیاجائیگا۔ دریں اثناء عتیق احمد صدیقی ،خازن زونIV بھی ایک پریس ریلیز میںاپنا بیان جاری کرچکے ہیں کہ اگر شمیم انور صدیقی کیخلاف تحریک اعتماد منظور ہوجاتی ہے تو وہ بھی بحیثیت خازن زون IVاپنے عہدے سے اگلے دن ہی مستعفی ہوجائیں گے۔اگر عتیق صدیقی نے اپنے بیان کے مطابق استعفیٰ پیش نہ کیا تو پھر انکے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد لائی جائے گی اور یقین سے کہا جاسکتا ہے کہ اس کانتیجہ بھی شمیم انور صدیقی کیخلاف ہونے والے فیصلے سے مختلف نہ ہوگا۔ تاہم دیکھنا یہ ہے کہ عتیق صدیقی کب اپنا وعدہ وفا کرتے ہیں۔یا انہیں بھی شمیم انور صدیقی کی طرح کلبوںکی طاقت سے زونIVکے بحیثیت خازن فارغ کیا جائے گا۔