کیا پاکستانی ٹیم ناکامیوں سے آج پیچھا چھڑا پائے گی؟

عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان کی ٹیم ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست کے بعد آج ایک بار پھر ٹرینٹ برج کے ہی میدان میں میزبان انگلینڈ کیخلاف میدان میں اترے گی،ناکامیوں کے بھنور میں گھری قومی کرکٹ ٹیم اس میچ میں جیت کے ٹریک پر واپس آسکے گی یا نہیں؟یہ وہ سوال جو اس وقت پاکستانی شائقین کرکٹ کے دماغ میں گردش کر رہا ہے،قومی کرکٹ ٹیم گزشتہ گیارہ میچوں سے میدان سے شکست کا بوجھ اٹھائے باہر آرہی ہے اور ہر میچ کے بعد ٹیم کے کپتان سرفراز احمد آئندہ میچوں میں جیت کی امید دلاتے نظر آتے، ٹیم کی خامیوں کو بھی گنواتے ہیں اور آئندہ کے میچوں میں ان خامیوں کو نہ دہرانے کا عہد بھی کرتے ہیں لیکن نتیجہ سب کے سامنے ہے، انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے ابھی حال ہی میں پاکستان کو پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں مسلسل چار میچوں میں شکست سے دوچار کیا تھا جبکہ ایک میچ دونوں ٹیموں کے درمیان بارش کی وجہ سے غیر نتیجہ خیز رہا تھا انگلینڈ کیخلاف سیریز کے دوران قومی کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ لائن نے بلاشبہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا مگر ٹیم کی بائولنگ اور فیلڈنگ نے اسے جیت کے قریب بھی نہ آنے نہ دیا، اب دیکھنا یہ ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے انگلینڈ کیخلاف جو غلطیاں کی تھیں ان پرقابو پایا ہے یا نہیں؟اگر دونوں ٹیموں کے درمیان عالمی کپ میں مقابلوں پر نظر ڈالی جائے تو اس میچ سے قبل دونوں ٹیمیں ورلڈکپ میں9بار آمنے سامنے آچکی ہیں ،4یچز میں پاکستان اور4یچزہی میں انگلینڈ نے کامیابی حاصل کر رکھی ہے جبکہ ایک میچ بغیرنتیجے کے ختم ہوا۔ورلڈ کپ کی تاریخ میں پاکستان نے انگلینڈ کےخلاف 2میچز کراچی ،ایک راولپنڈی اورایک میلبورن میں جیتا۔واضح رہےکہ 1992میں میلبورن کی جیت پاکستان کے لیے انتہائی اہم تھی، یہ میچ دراصل ورلڈ کپ کا فائنل تھا جو کہ عمران خان کی قیادت میں قومی ٹیم نے 22 رن سے جیتا۔
آج انگلینڈ کیخلاف ہونے والے میچ کے حوالے سے ٹیم میں دو اہم تبدیلیاں بھی متوقع ہیں، جارح مزاج بلے باز آصف علی کی ٹیم میں شمولیت دکھائی دے رہی ہے کیونکہ جس وکٹ پر دونوں ٹیموں کا مقابلہ ہونا ہے اس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ سیدھی اور سلو ہے اور اس پر بیٹسمینوں اچھے رنز بنانے کا موقع ملے گا ،ٹیم میں دوسری تبدیلی عماد وسیم کی ہے جن کی جگہ تجربہ کار آل راونڈ اور سابق کپتان شعیب ملک کی ٹیم میں شمولیت ہوسکتی ہے،انگلینڈ کیخلاف اس اہم میچ کیلئے پاکستان کی ٹیم جن کھلاڑیوں پر مشتمل ہوسکتی ہے اس میں سرفراز احمد کپتان، امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ،آصف علی، شاداب خان، محمد عامر اور وہاب ریاض۔ دونوں ٹیموں کے درمیان آج کا مقابلہ اس وکٹ پر کھیلا جائے گا جس پر انگلینڈ کی ٹیم نے گزشتہ سال آسڑیلیا کیخلاف چھ وکٹوں کے نقصان پر ریکارڈ 481رنز بنائے تھے جہاں تک موسم کا تعلق ہے تو میچ سے ایک روز قبل ٹرینٹ برج کے مقام پر اچھی خاصی بارش ہو چکی ہے محکمہ موسمیات کے مطابق میچ کے روز بادل چھٹ جائینگے اور اس مقابلے کیلئے موسم خوشگوار رہے گا۔

تعارف: newseditor