کراچی (ریاض احمد) ڈپارٹمنٹل کرکٹ کو ختم کرنے سے کھلاڑی بے روزگار ہوجائیں گے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے اپیل ہے کہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔ ناظم آباد جیم خانہ کا مسلسل چوتھے سال ایونٹ کا انعقاد قابل تحسین ہے۔ اس کوشش کو سراہتے ہوئے آرگنائزرزکواپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار رکن قومی اسمبلی اسامہ قادری نے چوتھا ناظم آباد فلڈ لٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں بحیثیت مہمان خصوصی ناظم آباد جیم خانہ گراؤنڈ پرکیا۔ اس موقع پر سابق جوائنٹ سیکریٹری کے سی سی اے جمیل احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر اسپورٹس ، کے ایم سی ، ندیم خان، ایس اے فہیم، سیکریٹری زون سیون مظہر اعوان ، متعلقہ یوسی کے ذمہ داران ، معزز مہمانوں اور کھلاڑیوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ وائی ایس سی سی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کو ترجیح دی ۔پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسپارکو پینٹس 17.5اوورز میں 142رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔مین آف دی میچ کامران غلام نے 30رنز کے عوض 6کھلاڑیوں کو چلتا کرکے حریف ٹیم کو 142رنز پر محدود کردیا۔کامران افضل اور محسن کے ہاتھ2,2وکٹ لگے۔ وائی ایس سی سی نے مطلوبہ ہدف کو باآسانی 6وکٹوں پر 17.1اوورز میں یقینی بنالیا۔ تصورعباس نے انتہائی جارحانہ بلے بازی کی اور6زوردار چھکوں اور 2چوکوں کی مدد سے 46رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی ۔ محمد اخلاق کے 35رنز میں 3چھکے اور2چوکے شامل تھے۔کامران افضل نے 5چوکے اور چھکا لگا کر 35رنز جوڑے۔