برسٹل (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کہتے ہیں کہ سری لنکا کے خلاف میچ بارش کے باعث متاثر ہونے سے مایوسی ہوئی لیکن ٹیم کا مورال بہت اچھا ہے اور ہم ٹورنامنٹ کے بقیہ چھ میچز جیتنا چاہتے ہیں۔ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ایک میچ جیتنے اور ایک میچ بارش سے متاثر ہونے سے ہم کسی خوش فہمی میں مبتلانہیں ہیں، ہم اگلے 6 میچز جیتنا چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ٹیم کا ماحول بہت اچھا ہے اور تمام لڑکے ٹورنامنٹ میں کچھ کرنا چاہتے ہیں۔جمعے کو سرفراز احمد نے ایک بیان میں کہا کہ بارش کی وجہ سے میچ منسوخ ہونے سے مایوسی ہوئی لیکن بارش بھی کھیل کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی طرح ریلکس نہیں ہیں اور اگلے میچوں میں مزید اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔آسٹریلیا کے خلاف میچ کے بارے میں سرفراز احمد نے کہا کہ ابھی تین دن باقی ہیں کوشش کریں گے کہ اچھی تیاری کے ساتھ جائیں۔ سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا دونوں میچ جیتی ہوئی ہے اس لے دفاعی چیمپئن کے خلاف اچھی کارکردگی دکھا کر وننگ نوٹ کے ساتھ روایتی حریف بھارت کا مقابلہ کرنا چاہتے ہیں۔پاکستانی ٹیم ہفتے کو بس کے ذریعے ٹاونٹن جائے گی جہاں سمرسٹ کاؤنٹی گراونڈ میں پاکستان کا پہلا پریکٹس سیشن اتوار کو دوپہر دو بجے ہو گا۔