پاکستان کرکٹرز نے سمرسیٹ کائونٹی میں بچوں کیلئے ٹریننگ سیشن کا اہتمام کیا،آٹوگراف بھی دیئے

ٹاونٹن(سپورٹس لنک رپورٹ)آئی سی سی ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کیخلاف میچ کیلئے ٹاونٹن میں موجود پاکستانی کرکٹرز نے اتوار کو ٹریننگ سیشن کے بعد ٹاونٹن کی کاونٹی سومرسیٹ کے جونیئر پلیئرز کے ساتھ وقت گزارا، ان کو کوچنگ ٹپس دیں ، ساتھ کرکٹ کھیلی اور آٹو گراف بھی دیئے۔سومرسیٹ کاونٹی کے چھ سے چودہ سال کے درمیان چالیس کے لگ بھگ بچے پاکستان کرکٹ ٹیم کی ٹریننگ سیشن کے بعد کوپر ایسوسی ایٹس گرائونڈ ٹائونٹن پہنچے اور پاکستانی کرکٹرز کے ساتھ ٹریننگ کی ۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، سینئیر کرکٹرز شعیب ملک اور محمد حفیظ کے علاوہ نوجوان شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان، حسن علی اور امام الحق بچوں کے ساتھ گھل مل گئے اور ان کو کرکٹ کی ٹپس دیں

کھلاڑیوں نے بچوں کو بولنگ کرائی اور ان کے شاٹس پر بھر پور حوصلہ افزائی بھی کی۔بعد ازاں بچوں نے پاکستانی کرکٹرز سے آٹو گراف لئے اور ان کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔پاکستانی ٹیم کے اسپنر شاداب خان کا کہنا تھا کہ بچوں کے ساتھ کرکٹ کھیل کر انہیں اچھا لگا، انہیں بھی بچپن میں خواہش تھی کہ اسٹارز کے ساتھ کھیلیں لیکن ایسا موقع نہیں ملاٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل کر سمر سیٹ کے بچوں کی بھی حوصلہ افزائی ہوئی ہوگی۔ پاکستانی کرکٹرز نے اس سے قبل بھی برسٹل میں کرکٹ فور گڈ کی ایکٹیویٹی میں حصہ لیا تھا۔واضح رہے کہ سری لنکا کے خلاف ورلڈ کپ میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد پاکستان ٹیم آسٹریلیا سے نبرد آزما ہونے کے لئے ٹاؤنٹن پہنچ گئی ہے، تاہم امکانات ظاہر کئے جارہے ہیں کہ بدھ کو ہونے والا پاکستان اور آسٹریلیا کا میچ بارش سے متاثر ہوسکتا ہے۔

تعارف: newseditor