ہسپانوی ٹینس کھلاڑی رافیل نڈال نے فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں نئی تاریخ رقم کردی

پیرس (سپورٹس لنک رپورٹ)اسپین کے عالمی شہرت یافتہ ٹینس اسٹار رافیل نڈال نے کلے کورٹ پر تاریخ رقم کرنے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 12واں فرنچ اوپن ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔پیرس میں کھیلے گئے فرنچ اوپن کے فائنل میں کلے کورٹ کے بادشاہ رافیل نڈال کا مقابلہ آسٹریا کے ڈومینک تھیم سے تھا۔نڈال نے مقابلے کی ابتدا میں اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے پہلا سیٹ 6-3 سے اپنے نام کر لیا تاہم دوسرے سیٹ میں تھیم نے شاندار انداز میں واپسی کی۔دوسرے سیٹ میں دونوں کھلاڑیوں کی جانب سے سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا اور تھیم نے نڈال کے خلاف بہترین مزاحمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیٹ 5-7 سے جیت لیا۔

البتہ اس کے بعد نڈال نے اپنے روایتی شنادار کھیل کا مظاہرہ کیا اور اگلے دونوں سیٹس میں تھیم کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 6-1 اور 6-1 سے مات دے کر ایک مرتبہ پھر فرنچ اوپن چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔یہ نڈال کے کیریئر کا 12واں فرنچ اوپن ٹائٹل اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایک ہی گرینڈ سلیم سب سے زیادہ مرتبہ جیتنے کا اپنا ہی عالمی ریکارڈ مزید بہتر بنا دیا۔اس فتح کے بعد نڈال کے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹس کی کُل تعداد 18 ہو گئی ہے اور وہ سب سے زیادہ 20گرینڈ سلیم جیتنے والے راجر فیڈرر سے صرف دو ٹائٹل پیچھے ہیں۔33سالہ ہسپانوی کھلاڑی کی فرنچ اوپن میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے اس میدان پر کُل 95 میچز کھیلے ہیں جن میں سے انہیں صرف دو میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا اور 93میچوں میں فتح نے ان کے قدم چومے۔یاد رہے کہ گزشتہ سال کا فائنل بھی نڈال اور تھیم کے درمیان ہی کھیلا گیا تھا اور اس مقابلے میں ہسپانوی اسٹار نے اسٹریٹ سیٹس میں کامیابی حاصل کی تھی۔

تعارف: newseditor